53ارکان شوریٰ خواتین کو جج بنانے کے حامی
ریاض ... سعودی خواتین کو جج کے منصب پر فائز کرنے سے متعلق قرارداد کے مسودے کے حق میں 53ارکان شوریٰ نے اپنا فیصلہ دیدیا۔ مسودے کی منظوری کیلئے کم از کم 76ارکان کی منظوری لازمی ہے۔ یہ الگ بات ہے کہ شوریٰ کے ماتحت اسلامی و عدالتی امور کی کمیٹی نے شرعی اور قانونی اہلیت رکھنے والی خواتین کو عدالتی مناصب پر سرفراز کئے جانے کی سفارش مستر د کررکھی ہے۔ لطیفہ الشعلان ، عطا السبیتی اور فیصل الفاضل نے سفارش پیش کی تھی۔ الفاضل اور الشعلان نے کہا کہ سفارش کے حق میں 53ووٹوں کا آنا توقعات سے بالا تر ہے۔ ارکان شوریٰ کی ووٹنگ کا نتیجہ توجہ طلب رہا۔ توقع سے کہیں زیادہ ووٹ آئے۔ اب ہم کامیابی کے کافی قریب پہنچ گئے ہیں۔