جدہ..... خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے منگل کو حرمین ایکسپریس ٹرین کا افتتاح کردیا۔ انہوں نے جدہ سے مدینہ منورہ کا سفر بھی اسی ٹرین سے طے کیا۔ اس موقع پر شاہ سلمان کو حرمین ٹرین میں مسافروں کو پیش کی جانے والی سہولتوںسے متعارف کرایا گیا۔ انہوں نے اپنے مہمانوں کے ہمراہ حرمین ٹرین کی دستاویزی فلم بھی دیکھی۔ وزیر نقل و حمل ڈاکٹر نبیل العامودی نے اس موقع پر منعقدہ شاندار تقریب کے دوران خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بانی مملکت کے ہاتھوں اس عظیم الشان ریاست کے قیام سے لیکر تاحال اللہ تعالیٰ نے ہمیں ضیوف الرحمن کی خدمت کی انمول نعمت سے نواز رکھا ہے۔ خادم حرمین شریفین شاہ سلمان کے عہد میں بھی یہی عمل جاری و ساری ہے۔ انہوں نے خادم حرمین شریفین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ حجاج اورمعتمرین کو آرام و راحت پہنچانے والے وسائل مہیا کرنے سے متعلق آپ کی ہدایت کے مطابق حرمین ٹرین کا منصوبہ شایان شان طریقے سے نافذ کردیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ حرمین ٹرین منصوبہ پوری طرح سے تیار ہوچکا ہے۔ مجھے اس کا اعلان کرتے ہوئے خوشی اور فخر محسوس ہورہا ہے۔ ہمارے لئے بڑے اعزاز کی بات ہے کہ حرمین ٹرین سے ضیوف الرحمان ہموطنوں اور ارض پاک میں مقیم غیر ملکیوں کو سفر کی سہولت مہیا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ عظیم الشان عالمی تجربات کا نچوڑ ہے۔ اسکے 5اسٹیشن ہیں۔مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں ایک، ایک ، رابغ کنگ عبداللہ اکنامک سٹی میں ایک، کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ جدہ اور عروس البحر الاحمر کے مرکزی علاقے میں ایک اسٹیشن قائم کیا گیا ہے۔ یہ ٹرین 450کلو میٹر کا سفر طے کیا کریگی۔ اس سے سالانہ 60ملین افراد سفر کرسکیں گے۔انہوں نے اس موقع پر سابق وزرائے نقل و حمل اور سعودی ریلوے جنرل کارپوریشن کے کارکنان ، سعودی ریلوے کمپنی ”سار‘ ‘ اور پبلک ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے اہلکاروں کا بھی شکریہ ادا کیا۔ خادم حرمین شریفین نے وزیر نقل و حمل سے یادگاری تحفہ وصول کیا۔ پروجیکٹ کے ممتاز انجینیئرز اور اہلکاروں نے خادم حرمین شریفین کے ساتھ یادگاری فوٹو بنوائے۔مدینہ منورہ پہنچنے پر خادم حرمین شریفین کو گورنر شہزادہ فیصل ، ولی عہد ، نائب وزیراعظم و وزیر دفاع شہزادہ محمد بن سلمان نے خوش آمدید کہا۔ نائب گورنر مدینہ شہزادہ سعود بن خالد الفیصل اور شاہی خاندان کے افراد ، مدینہ طیبہ کے شہری و عسکری عہدیدار ، علماءو مشائخ اور اعلیٰ عہدیدار بھی ریلوے اسٹیشن استقبال کے لئے پہنچے ہوئے تھے۔