روسی سرکس کی شیرنی تماشائیوں کے سامنے بے ہوش ہوگئی
میگنیٹوگورس، روس.... یہاں مشہو رکمپنی کافی دنوں سے خیمے لگا کر لوگوں کو تفریحات فراہم کررہی ہے مگر اسی دوران ایک عجیب و غریب واقعہ اس وقت پیش آیا جب زینہ نامی ایک شیرنی جو بہت تھکی ہوئی لگ رہی تھی کرتب دکھانے کے دوران اچانک ہی بے ہوش ہوکر تماشائیوں کے سامنے گر گئی تو تماشائیو ںنے اس کی اس حالت کو اس کے کمال کا ایک حصہ جانا اور جب سرکس والوں کو لگا کہ کوئی گڑبڑ ضرور ہے تو اس کا ٹرینر رنگ کے اندر پہنچا اور وہاں سے اس نے بے ہوش شیرنی کو دم سے پکڑا اور گھسیٹتا ہوا باہر لے گیا جہاں اسے ہوش میں لانے کیلئے کئی بالٹی پانی اس پر پھینکا گیا۔ اس کار خیر میں بہت سے تماشائی بھی شامل ہوگئے جو شیرنی کے بے ہوش ہونے سے پریشان ہوگئے تھے۔ آخر کار پورا شو بند کردینا پڑا۔ بہت سے لوگوں نے سرکس انتظامیہ کیخلاف شکایات جمع کرائی ہیں کہ وہ اپنے جانوروں کی صحت اور تندرستی کا کوئی خیال نہیں رکھتی اور اس طرح حیوانوں کے ساتھ مظالم کا ارتکاب کرتی ہے۔ مگر انتظامیہ کا کہناہے کہ اس نے جو کیا وہ موقع محل کے لحاظ سے درست تھا۔ جاری ہونے والی وڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ زینہ نامی یہ شیرنی پہلے سے ہی کمزو رنظر آرہی تھی۔ اس کے نگراں آرتھر بگداساروف کا کہناہے کہ انہوں نے بے ہوش شیرنی کو فوری طور پر ارینا سے اس لئے باہر نکالا کہ اگر سرکس کے دیگر شیروں کو پتہ چلتا کہ شیرنی مر چکی ہے یا مر رہی ہے تو وہ سب ایک ساتھ اس پر حملہ کرکے اسے چیر پھاڑ کر رکھ دیتے۔ بے ہوش ہونیوالی شیرنی سائبیرین نسل سے تعلق رکھتی ہے۔ واضح ہو کہ سائبیرین نسل کے شیر اور شیرنی جو بالعموم روس کے مشرقی بعید علاقے میں پائے جاتے ہیں جسامت کے لحاظ سے دنیا کے سب سے بڑے شیر اور شیرنی کے طورپر تسلیم کئے جاچکے ہیں۔