سکس اے سائیڈ فٹبال ورلڈ کپ، پاکستانی ٹیم ناک آوٹ
جمعرات 27 ستمبر 2018 3:00
لزبن: سکس اے سائیڈ سوکا ورلڈ کپ میں پاکستان فٹبال ٹیم مسلسل 2میچ ہارنے کے بعد ٹورنامنٹ کے ناک آوٹ مرحلے میں نہ پہنچ سکی۔پرتگال میں کھیلے جانیوالے انٹرنیشنل ایونٹ میں مالڈوا نے پاکستان کو صفر کے مقابلے میں6 گول سے ہراد یا جبکہ اس سے قبل کھیلے گئے افتتاحی میچ میں اسپین نے پاکستان کو صفر کے مقابلے میں 5 گول سے ہرایا۔قومی ٹیم گروپ بی میں اپنا تیسرا اور آخری میچ روس کے خلاف کھیلے گی۔ مالڈوا کے خلاف شکست کے بعد پاکستان فٹبال ٹیم کے کوچ طارق لطفی نے کہا کہ مسلسل 2شکستوں سے قطع نظر پاکستان ٹیم کا 32ممالک کی ٹیموں پر مشتمل سکس اے سائیڈ سوکا ورلڈ کپ میں یورپین ٹیموں کے خلاف کھیلنا ہی اعزاز کی بات ہے۔ ہمارے کھلاڑی پہلی بار عالمی سطح کے اتنے بڑے ٹورنامنٹ میں حصہ لے رہے ہیں جس میں فٹبال کی دنیا کے بڑے بڑے ممالک کی ٹیمیں شریک ہیں۔ یقینی طور پر یورپی ٹیموں کو ہم پر ہر لحاظ سے واضح برتری حاصل ہے۔انہوں نے کہا کہ ابتدائی میچز میں اسپین اور مالڈوا کے خلاف قومی ٹیم کی شکست کے بعد اگلے مرحلے میں پہنچنے کے امکانات ختم ہوگئے ہیں۔ اپنا آخری میچ 27ستمبر کو روس کے خلاف رسمی طورپر کھیلیں گے۔ طارق لطفی کا کہنا تھا کہ ورلڈ گروپ اورٹرنک والا فیملی کی لیثررلیگس پاکستان کی ذاتی کوششوں سے پاکستان کے کھلاڑیوں کو اسپین، روس اور مالڈوا جیسی نامور یورپین ٹیموں کیخلاف کھیلنے کا اعزاز حاصل ہورہا ہے۔ قومی کھلاڑیوں کو یورپی ٹیموں کے خلاف کھیلنے سے جو تجربہ حاصل ہوا ہے مستقبل میں اس کا بہتر استعمال کریں گے۔اسپین اور مالڈوا سے شکست سے دلبرداشتہ ہونے کی ضرورت نہیں ۔ٹیم منیجرزیب خان کا کہنا تھا انٹرنیشنل فٹبال میںیہ ہماری ابتدا ہے اور ان شاءاللہ ہم مثبت سمت میں پیشرفت کریں گے۔ہمارے کھلاڑی پہلی بار یورپ کی سرزمین پر میگا ایونٹ میں حصہ لے رہے ہیں ان کی کوششیں درست سمت میں جارہی ہیں تو کوئی وجہ نہیں ہم مستقبل میں یورپی ٹیموں سے مقابلہ نہ کرسکیں ۔
کھیلوں کی مزید خبریں پڑھنے کیلئے اردونیوز " واٹس ایپ اسپورٹس" گروپ جوائن کریں