6 اے سائیڈ منی فٹبال ورلڈ کپ پرتگال میں ہوگا
لزبن : 6 اے سائیڈ منی ورلڈ کپ 23 ستمبر سے شروع ہوگا جس میں پاکستان سمیت دنیا کی 32 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔ پاکستان فٹ بال ٹیم کے سابق کوچ طارق لطفی نے کہا ہے کہ آئندہ ماہ پرتگال کے شہر لزبن میں کھیلا جانے والے سوکا ورلڈ کپ میں پاکستان کے کھلاڑیوں کی شرکت کا خواب ایک حقیقت کا روپ دھارنے جارہا ہے۔ ہیڈ کوچ طارق لطفی کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ وہ پاکستان کی خواتین اور مردوں کی ٹیموں کے کئی بار کوچ رہے ہیں۔ اب انہیں مختصر فارمیٹ کی فٹ بال میں بھی ہیڈ کوچ بننے کا اعزاز ملنے جارہا ہے۔ لیژر لیگس نے انہیں سکس اے سائیڈ ورلڈ کپ میں پاکستان ٹیم کے ہیڈ کوچ کی ذمہ داریاں تفویض کی ہیں۔ایونٹ کے گروپ ’بی‘ میں اسپین، روس اور مالدوا کے خلاف پاکستان ٹیم میدان میں اترے گی۔طارق لطفی کا کہنا ہے کہ اب تک پاکستان کے 12 شہروں میں اسمال سائیڈڈ فٹبال کو متعارف کرانے کا سہرا لیژرلیگس کے سر جاتا ہے۔