گلوبل این آر آئی یوتھ گروپ کے وفد کی حافظ عبداللہ عثمانی کومبارکباد
جدہ( امین انصاری ) گلوبل این آر آئی یوتھ گروپ کے ایک وفدنے صدر عظمت عمران کی نگرانی میں "جمیعت خیرکم تحفیظ القرآن " کے مقابلہ تحفیظ القرآن میں اول انعام حاصل کرنے والے حافظ و قاری عبداللہ بن عبدالمتین عثمانی کے گھر پہنچ کر مشلہ ،رومال ،شیلڈ اور دلی مبارکباد پیش کی ۔ اس موقع پر عظمت عمران نے حافظ عبداللہ عثمانی سے کہا کہ ہم حیدرآبادیوں کو آپ پر فخر ہے ۔ آپ نے ایک ہزار حفاظ میں پہلی پوزیشن حاصل کرکے نہ صرف اپنے والدین اور اسکول بلکہ ریاست تلنگانہ اور شہر حیدرآباد کا بھی نام روشن کیا ۔ وفد کے ارکان نے فردا ًفردا ًمبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ آپ نے حیدرآبادیو ں کا سر فخر سے بلند کیا ۔ وفد نے حافظ عبداللہ کے والد عبدالمتین عثمانی کو بھی دلی مبارکباد پیش کی اور کہا کہ آپ کے اس سپوت نے دنیا اور آخرت میں آپ کو سرخرو کیا ہے ۔ یہ لڑکا ضرور آپ کی بخشش کا ذریعہ بنے گا ۔ انشاء اللہ ۔ حافظ وقاری عبداللہ عثمانی نے گلوبل این آر آئی یوتھ گروپ کے وفد خاص کر عظمت عمران کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے ان کی حوصلہ افزائی کیلئے مشلہ اور شیلڈ عطا کیا ۔ انہوں نے اس موقع پر پیغام دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں چاہئے کہ ہم قرآن مجید کی کثرت سے تلاوت کریں ۔قرآن کے مفہوم کو اپنی مادری زبان میں سیکھیں تاکہ جب آپ قرآن کی تلاوت کریں تو معنی اور مفہوم سے آگاہ رہیں اور احکام خداوندی کا علم ہوسکے ۔ انہو ں نے کہا کہ قرآن کا یہ اعجاز ہے کہ وہ کمسن لڑکے سے لیکر ضعیف العمر شخص تک کے سینے میں محفوظ ہوجاتا ہے کیونکہ اس کا محافظ خود رب العالمین ہے ۔