وارانسی میں جونیئر ڈاکٹروں کی ہڑتال جاری
لکھنؤ - - - - وارانسی کی بنارس ہندو یونیورسٹی (بی ایچ یو) میں تشدد کے واقعات کے بعد جونیئر ڈاکٹروں کی ہڑتال جاری ہے ۔ یونیورسٹی ذرائع نے بتایا کہ اسپتال انتظامیہ کی جانب سے سیکیورٹی کے مطالبے پر ہڑتال پر گئے جونیئر ڈاکٹروں کو منانے کی کوششیں جاری ہیں لیکن وہ اپنے مطالبے پر بضد ہیں۔ پولیس نے بی ایچ یو تشدد معاملے میں 300 سے زیادہ افراد کے خلاف الگ الگ 4 ایف آئی آر درج کی ہیں۔جونیئر ڈاکٹروں سے مارپیٹ کرنے کے ملزم شیواجی سنگھ کو گرفتار کرکے عدالت کے حکم پر جیل بھیج دیا گیا۔ سی سی ٹی وی اور دیگر ویڈیو فوٹیج کی مدد سے ملزمان کی شناخت کی جار ہی ہے۔پولیس ذرائع نے بتایا کہ علاج کرانے کے دوران بی ایچ یو کے سر سندر لال اسپتال کے جونیئر ڈاکٹروں سے مارپیٹ کے معاملے میں چیف میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کی تحریرکی بنیاد پر شکایت درج کی گئی ۔ مریض کے گھروالوں کی شکایت پر کچھ جونیئر ڈاکٹروں پر مارپیٹ کا مقدمہ ہے۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ سر سندر لال اسپتال میں ایک مریض کے تیمارداروں اور ایک جونیئر ڈاکٹر کے درمیان جھگڑے کے بعد مارپیٹ کا واقعہ پیش آیا تھا۔
رائے دیں، تبصرہ کریں