Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مسجد اقصیٰ کی مسلسل بیحرمتی انتہائی گھناﺅنی حرکت ہے، سعودی عرب

نیویارک.... سعودی عرب نے واضح کیا ہے کہ قبلہ اول مسجد اقصیٰ کی مسلسل بیحرمتی انتہائی گھناﺅنی حرکت ہے۔ مسجد اقصیٰ کے حوالے سے اسرائیلی حکام کی مسلسل خلاف ورزیاں قابل مذمت ہیں۔ اقوام متحدہ میں متعین سعودی عرب کے نائب مندوب ڈاکٹر خالد منزلاوی نے یہ موقف القدس اور فلسطین سے متعلق مسلم وزرائے خارجہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پیش کیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ سعودی عرب فلسطینی عوام کے تمام جائز حقوق ملنے تک فلسطین کی تائید و حمایت کرتا رہے گا۔ خود مختار فلسطینی ریاست کا قیام اور القدس کو اس کا دارالحکومت بنایا جانا فلسطینی حقوق میں سرفہرست ہے۔ منزلاوی نے توجہ دلائی کہ سعودی عرب امریکی سفارتخانے کی تل ابیب سے القدس منتقلی کی بابت واشنگٹن کے فیصلے اور قابض اسرائیلی حکام کے نسلی تفریق والے قوانین کو مسترد کرتا ہے۔ ڈاکٹر منزلاوی نے یہ بھی بتاا کہ سعودی عرب فلسطینی عوام کی مدد کرنے والی ایجنسیوں اور انہیں عطیات پیش کرنے والے ممالک میں سرفہرست ہے۔ سعودی عرب فلسطینیوں کو 6ارب ڈالر کی امداد دے چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فلسطینی عالمی برادری کی طرف دیکھ رہے ہیں وہ چاہتے ہیں کہ عالمی برادری یکجہتی کا اظہار عملی اقدامات سے کرے۔ ایساہونے پر ہی فلسطینی امن وامان او رآزادی کی نعمت سے بہرہ ور ہو سکیںگے۔ زمینی حقیقت یہ ہے کہ اسرائیلی حکومت فلسطینیوں کے حقوق مسلسل پامال کر رہی ہے۔

شیئر: