جادو ٹونے پر ملازمہ کو قید اور جرمانے کی سزا
ابوظبی۔۔۔۔ابوظبی اپیل کورٹ نے گھریلو ملازمہ کو 3ماہ قید ،5ہزار ریال جرمانے اور امارات سے بیدخلی کا فیصلہ سنا دیا۔ گھریلو ملازمہ پر جادو ٹونے کے الزام ثابت ہوگئے تھے۔ عکاظ اخبار نے اس کی تفصیلات دیتے ہوئے کہا کہ ایک خلیجی خاندان کے سربراہ نے پولیس سے رابطہ کرکے شکایت کی کہ گھریلو ملازمہ نے ایک بدبودار بدذائقہ مادہ چائے میں شامل کیا ہے جسے اس نے عجیب و غریب قسم کی لکیروں والے تعویذ سے تیار کیا تھا۔گھروالوں میں اسکے بعد سے لڑائی جھگڑے شروع ہوگئے۔ پولیس نے ملازمہ کے کمرے پر چھاپہ مارا جہاں سے جادو ٹونے کا سامان برآمد ہوا۔ ملازمہ کو گرفتار کرکے عدالت میں پیش کردیا گیا۔ الزام ثابت ہوجانے پر عدالت نے اسے قید ، جرمانے اور بیدخلی کی سزا سنادی۔