کویتی وفد کا بیگ چرانے والا افسر گرفتار
اسلام آباد: کویتی وفد کے دورہ پاکستان کے دوران وفد کے سربراہ کا بریف کیس چوری ہونے کی اطلاع پر تحقیقات کے بعد جرم میں ملوث جوائنٹ سیکرٹری ای اے ڈی ضرار حیدر کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق اقتصادی امور ڈویژن کے ضرار حیدر 20 گریڈ کے افسر ہیں جنہیں وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے کے حوالے کردیا گیا ہے۔ دوسری جانب حکام نے کویتی وفد سے اس صورت حال پر معذرت بھی کی ہے۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق گزشتہ روز جمعہ کی شام اقتصادی امور ڈویژن میں ہونے والے اجلاس میں شریک کویتی وفد کے سربراہ نے اجلاس ختم ہونے کے بعد اپنا بریف کیس چوری ہونے کا انکشاف کیا۔ جس پر اجلاس کے شرکا پریشان ہوگئے اور واقعے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے سیکرٹری اقتصادی امور ڈویژن غضنفر جیلانی نے موقع پر ہی تحقیقات کی ہدایت دیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سی سی ٹی وی فوٹیج کے ذریعے بریف کیس چرانے والے ای اے ڈی کے افسرکی نشاندہی کی گئی۔ جس پر سیکرٹری ای اے ڈی غضنفر جیلانی نے سخت ایکشن لیا اور کویتی وفد کے سربراہ کا بریف کیس چرانے والے جوائنٹ سیکرٹری ضرار حیدر کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے انہیں ایف آئی اے کے حوالے کردیا۔ دوسری جانب حکومت نے کویتی وفد سے معذرت کرتے ہوئے واقعہ پر افسوس کا اظہار کیا۔