گردن اور چہرے کی رنگت ہمیشہ ایک جیسی ہوتی ہے . یہ نہیں ہوسکتا کہ چہرہ گورا ہو اور گردن کالی ہو . آپ کے چہرے کی رنگت صاف ہونے کے باوجود اگر آپ کی گردن سیاہی مائل یا سانولی ہے تو اس کے ذمے دار آپ خود ہیں . جو خواتین روز شاور لیتی ہیں ان کی گردن صاف رہتی ہے . کبھی کبھار نہانے والوں کو بھی دن میں ایک مرتبہ چہرہ دھوتے وقت گردن ضرور دھونی چاہیے . اگرروزانہ گردن نہ دھو سکیں تو نہانے سے پہلے چند قطرے ناریل کا تیل لے لیکر گردن پر مساج کر لیں . اس سے نہ صرف جما ہوا میل کچیل صاف ہوگا بلکہ گردن کی سیاہی بھی دور ہو جائے گی . اگر آپ چہرے پر فیشل یا بلیچ کرتی ہیں یا کوئی اور ٹریٹمنٹ لیتی ہیں تو اسے گردن پر بھی ضرور آزمائیں .
میک اپ کرتے وقت بیس لگاتے ہوئے بیس کو نیچے گردن تک لائیں اور جہاں تک گردن نظر آرہی ہو وہاں تک بیس اس طرح لگائیں کہ چہرے اور گردن کی رنگت الگ محسوس نہ ہو . اگر بالوں کا جوڑا بنانے سے گردن کا پچھلا حصہ نمایاں ہو رہا ہو تو وہاں بھی بیس لگائیں . گردن کی جیولری کے انتخاب کے حوالے سے بھی نفاست سے کام لیں . اگر آپ نے کام دار گلے والی بھاری بھرکم شرٹ پہنی ہے تو گردن میں بالکل ہلکی سی نفیس سی چین ڈال لیں .ایسا بھاری بھرکم ہار نہ پہنیں جولٹکتا ہو شرٹ کے گلے تک آجائے . موٹی گردن پر موٹے موتیوں سے جڑاؤ ہار پہنا جا سکتا ہے . پتلی اور صراحی دار گردن کے لیے ہلکا پھلکا نگینوں سے جڑا نیکلس مناسب رہتا ہے .