ننھی ارمش کو ماں نے کیو ں قتل کیا؟
حیدر آباد...ننھی ارمش کو قتل کرنے والی ماں شگفتہ نازنے اپنا اعترافی بیان ریکارڈ کرا دیا جس میں اپنی بیٹی کی زندگی لینے کا اقرار کیا گیا ہے۔حیدرآباد پولیس کے ہاتھوں گرفتار ملزمہ کو بی سیکشن پولیس نے فرسٹ سول جج کی عدالت میں پیش کیا۔ عدالت نے ملزمہ کو 3 روزہ ریمانڈ پرپولیس کے حوالے کردیا۔ اس نے اپنے بیان میں کہا کہ گھریلو ناچاقی کے باعث اس نے یہ سنگین قدم اٹھایا۔ ملزمہ نے بتایاکہ اسے شوہر اور سسرال والوں کی جانب سے تشدد کا سامنا تھا۔ معمولی جھگڑوں پر بھی شوہر اسے طلاق اور دوسری شادی کی دھمکیاں دیتا رہتا تھا۔شگفتہ کے مطابق وہ اِن روز روز کے جھگڑوں کی وجہ سے شدید ذہنی دباﺅ کا شکار تھی۔ اسی وجہ سے خود کو اور بچی کو مارنے کا ارادہ کیا تھا۔شگفتہ نے کہاکہ وہ کئی روز سے اس قتل کی منصوبہ بندی کر رہی تھی۔ اس نے ارمش کو قتل کرنے کے بعد اس کی نعش کو ایک بیگ میں ڈالا اور قریبی علاقے میں پھینک آئی تھی۔ملزمہ شگفتہ نازنے کہاکہ اس کا تعلق اچھے خاندان سے ہے مگر گھریلو ناچاقی اور سسرال والوں کے برے سلوک کے باعث وہ یہ سنگین قدم اٹھانے پر مجبور ہوئی۔