ایپل منیجرقتل: وویک کی بیوی اور بچیوں کویوگی نے مدد کی یقین دہانی کرائی
لکھنؤ۔۔۔۔لکھنؤ کے گومتی نگر میں پولیس کانسٹیبل کی گولی سے ایپل کے سیلز منیجر وویک تیواری کی موت کے معاملے میں ان کی اہلیہ کلپنا تیواری نے پیر کو اپنی بچیوں کے ساتھ وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ سے ملاقات کی۔ ملاقات کے بعد کلپنا نے کہا کہ وزیراعلیٰ نے مدداور انصاف کی یقین دہانی کرائی۔یوپی حکومت نے کلپنا کو ملازمت اور امداد دینے کا اعلان کیا۔نائب وزیر اعلیٰ دینیش شرما وویک تیواری کی اہلیہ کلپنا تیواری اوروویک کے برادرنسبتی وشنوکو ساتھ لیکر وزیر اعلیٰ ہاؤس پہنچے۔ ملاقات اور بات چیت کے دوران نائب وزیراعلیٰ بھی موجود تھے۔ کلپنا نے صحافیوں کو بتایا کہ وزیر اعلیٰ آدتیہ ناتھ سے ملاقات کے بعد ریاستی حکومت پر اعتماد پیدا ہوا۔یوگی نے ملازمت دینے کا یقین دلایا۔ نائب وزیر اعلیٰ دینیش شرما نے کہا کہ وویک کے قتل کے واقعہ کی تحقیقات کی جارہی ہے اور ملزمان کیخلاف سخت کارروائی کی جائیگی، کلپنا کوملازمت کے علاوہ 25لاکھ روپے فوری امداد کے طور پر دیئے جائیں گے، علاوہ ازیں بچیوں کے نام سے 5،5لاکھ روپے فکسڈ ڈپاز ٹ جمع کئے جائیں گے۔