پریکٹس میچ: آسٹریلیا کی برتری کے ساتھ ٹیسٹ ڈرا
دبئی:آسٹریلوی ٹیم کی بھرپور بیٹنگ اور بولنگ پریکٹس کے ساتھ پاکستان اے اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلا جانے والا4روزہ پریکٹس میچ ڈرا ہو گیا ۔کھیل کے چوتھے اور آخری دن پاکستانی ٹیم نے آسٹریلیا کی برتری کا خاتمہ کرتے ہوئے 45رنز بنا لئے تھے اور اس کی3وکٹیں باقی تھیں کہ امپائرز نے مقررہ وقت کے ختم ہونے سے چند منٹ پہلے میچ ڈرا ہونے کا اعلان کردیا۔ اس میچ میں آسٹریلیا کی ٹیم بیٹنگ اور بولنگ کے حوالے سے پاکستان اے پر حاوی رہی ۔ پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان اے نے پہلی اننگز میں 278رنز بنائے تھے جبکہ ناتھن لیون نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرکے8وکٹیں لیں۔ جواب میں آسٹریلیا نے پاکستانی بولنگ کو مکمل طور پر ناکام بناتے ہوئے مچل مارش کی سنچری، شان مارش اورٹریوس ہیڈ کی با لترتیب94اور90جبکہ ایرون فنچ کے54رنز کی بدولت 494رنز اسکور کئے اور اس کے صرف4کھلاڑی آوٹ ہوئے۔ آسٹریلوی کپتان ٹم پین نے میچ کے چوتھے روزاننگز دوبارہ شروع کرنے کے بجائے ڈیکلیریشن کا اعلان کرکے پاکستان اے کو کھیلنے کا موقع دیا۔ کپتان اسد شفیق اور عابد علی کی نصف سنچریوں جبکہ شان مسعود اور افتخار احمد کے 41اور45رنز کی مدد سے کی 7وکٹوں کے نقصان پر پاکستان اے ٹیم نے 261اسکور کئے تھے کہ میچ بے نتیجہ قرار دے دیا گیا۔ پاکستان کی دوسری اننگز میں جان ہالینڈ 5وکٹیں لینے میں کامیاب رہے جبکہ ناتھن لیون اور مائیکل نیسر کو ایک، ایک وکٹ ملی۔
کھیلوں کی مزید خبریں پڑھنے کیلئے اردونیوز " واٹس ایپ اسپورٹس" گروپ جوائن کریں