مزید 5 وفاقی وزرا اور ایک وزیر مملکت نے حلف اٹھا لیا
اسلام آباد: وفاقی کابینہ میں مزید 6 نئے وزرا شامل ہونے کے بعد تمام نے اپنے عہدوں کا حلف اٹھا لیا۔ ذرائع کے مطابق وزیر اعظم نے کابینہ میں توسیع کا فیصلہ کیا تھا جس کے بعد 5 وفاقی وزرا اور ایک وزیر مملکت نے آج اپنے عہدے کا حلف اٹھایا۔
نئے وزراء کی حلف برداری کی تقریب ایوان صدر میں ہوئی جہاں صدر عارف علوی نے ان سے حلف لیا۔ تحریک انصاف کی خاتون رہنما زرتاج گل نے وزیر مملکت جبکہ محمد میاں سومرو، فیصل واوڈا، اعظم سواتی، علی امین گنڈا پور اور صاحبزادہ محبوب سلطان نے وفاقی وزرا کا حلف اٹھایا۔
واضح رہے کہ کابینہ میں نئے وزرا اور وزیر مملکت کے اضافے کے بعد وفاقی کابینہ کے ارکان کی کل تعداد 30 ہوگئی ہے جن میں 24 وفاقی وزیر اور 6 وزیر مملکت شامل ہیں۔ اس کے علاوہ وزیراعظم نے 4 معاون خصوصی اور 4 مشیر بھی رکھے ہوئے ہیں۔