Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

رونالڈو زیادتی کے الزام میں پرتگال ٹیم سے باہر

لزبن:زیادتی کے الزامات کا سامنا کرنے والے عالمی شہرت یافتہ پرتگالی فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو کو پرتگال کی قومی ٹیم سے عارضی طور پر باہر کردیا گیا جبکہ ان کی بڑی اسپانسر کمپنی نے صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا ہے ۔ واضح رہے کہ امریکہ کی ایک سابق ماڈل گرل کیتھرین مایورگا نے کرسٹیانو رونالڈو پر زیادتی کا الزام عائد کیا تھا جس کے بعد لاس ویگاس پولیس نے 2009ءکے اس کیس کو دوبارہ کھولنے کا اعلان کردیا ۔ کرسٹیانو رونالڈو نے الزام مسترد کرتے ہوئے ماڈل کو جھوٹا قرار دیا لیکن یہ معاملہ فٹبالر کیلئے مسائل کا باعث بن سکتا ہے جس کی ابتداء قومی ٹیم سے اخراج کی صورت میں ہو گئی ہے جبکہ اطلاعات ہیں کہ امریکی ماڈل کے وکیل نے 2005ء میں فٹبالر پر ایسا ہی الزام لگانے والی ایک عورت کی تلاش بھی شروع کردی ہے تاکہ رونالڈو کے خلاف کیس کو مضبوط کیا جاسکے ۔ پرتگالی فٹبال فیڈریشن کے مطابق رونالڈو کو آرام دینے کی غرض سے 11 اکتوبر کو پولینڈ میں ہونے والی یوئیفا نیشنز لیگ کے دوسرے میچ کیلئے اسکواڈ کا حصہ نہیں بنایا گیا۔ اس کے علاوہ انہیں 15 اکتوبر کو گلاسگو میں اسکاٹ لینڈ کے خلاف ہونے والے میچ کیلئے بھی منتخب نہیں کیا گیا۔ پرتگال کے کوچ فرنینڈو سانتوز کا کہنا تھا کہ رونالڈو کو اگلے ماہ بین الاقوامی مقابلوں کیلئے بھی نہیں بلایا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ یہ فیصلہ، رونالڈو اور پرتگال کی فٹبال فیڈریشن کے صدر کے درمیان ملاقات کے بعد لیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم نے فیصلہ کیا ہے اگلے 2 اسکواڈ سلیکشن تک رونالڈو ہمارے لئے آپشن نہیں ہوں گے۔سانتوز نے اس ملاقات کے حوالے سے مزید تفصیلات بتانے سے گریز کیا اور رونالڈو کے خیالات کے حوالے سے سوال پر بھی رائے دینے سے انکار کردیا اور کہا کہ یہ معلومات نجی اور ذاتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمیں امید ہے کہ رونالڈو دوبارہ پرتگال کیلئے کھیلیں گے ۔ رونالڈو پرتگال کے سب سے تجربہ کار کھلاڑی ہیں جنہوں نے 154 انٹرنیشنل میچز میں اپنے ملک کی نمائندگی کی اور 85 گول کئے۔دوسری جانب رونالڈو کے ساتھ تا حیات معاہدے میں منسلک دنیا کی معروف اسپورٹس شوز کمپنی نے فٹبالر پر الزام اور اس سے پیدا شدہ صورتحال پر سخت تشویش کا اظہار کیا ہے۔ دونوں کے درمیان ایک ارب ڈالر کا معاہدہ ہے۔ ایک اور اسپانسر کمپنی نے بھی ایسے ہی خیالات کا اظہار کیا ہے۔ رونالڈو کے نئے کلب جوونٹس نے رونالڈو کا دفاع کیا ہے۔ رونالڈو نے اس سیزن میں اطالوی کلب کیلئے کھیلنا شروع کیا ہے ۔
کھیلوں کی مزید خبریں پڑھنے کیلئے اردونیوز " واٹس ایپ اسپورٹس" گروپ  جوائن کریں

شیئر: