Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

آسٹریلین بیٹنگ لائن کے خلاف موثرہتھیار یاسر شاہ

دبئی:پاکستانی کپتان سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ آسٹریلیا کے خلاف2ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں یاسر شاہ نسبتاً نئی اور کمزور آسٹریلین بیٹنگ لائن کے خلاف موثر ثابت ہوں گے ۔پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان2 ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا آغاز ہوگیا ہے اور سیریز کے لئے پاکستانی لیگ اسپنر یاسر شاہ کی کارکردگی کو اہم قرار دیا جا رہا ہے۔آسٹریلیا کو گزشتہ سالوں کے دوران ایشیا میں اسپن بولرز کے خلاف شدید مشکلات کا سامنا رہا ہے جس کے سبب انہیں ایشیا میں اپنے 15 میں سے 12 ٹیسٹ میچوں میں شکست ہوئی اور وہ صرف 2ٹیسٹ میچ جیت سکے۔پاکستان نے 2014 میں آسٹریلیا کے خلاف0-2سے کلین سویپ کیا تھا اور اس سیریز میں یاسر شاہ نے 12 وکٹیں لی تھیں جبکہ مجموعی طور پر محمد حفیظ، یاسر شاہ اور ذوالفقار بابر پر مشتمل اسپن اٹیک نے آسٹریلیا کی 40 میں سے 30 وکٹیں لی تھیں۔رواں سال مارچ میں بال ٹمپرنگ اسکینڈل کے بعد آسٹریلین کپتان اسٹیون اسمتھ اور ان کے نائب ڈیوڈ وارنر پر کرکٹ آسٹریلیا نے ایک، ایک سال کی پابندی لگا دی جبکہ بیٹسمین کیمرون بین کرافٹ کو بھی سزا ہوئی تھی۔خصوصاً اسمتھ اور وارنر کی غیر موجودگی میں متحدہ عرب امارات میں آسٹریلین بیٹنگ لائن کے لیے یاسر شاہ کا سامنا کسی چیلنج سے کم نہیں ہو گا اور سرفراز احمد نے آسٹریلیا کی اسی کمزوری کو نشانہ بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ 2014 میں آسٹریلیا کے خلاف ہم نے جارحانہ کرکٹ کھیلی تھی اور ہم بال ٹمپرنگ اسکینڈل کے بعد پہلا میچ کھیلنے والی اس آسٹریلین ٹیم کے خلاف بھی وہی اندازبرقرار رکھیں گے۔انہوں نے کہا کہ یاسر شاہ ہمارے اہم ترین بولر ہیں اور ہم چاہیں گے وہ اٹیک کرتے ہوئے آسٹریلین وکٹیں لے کر ہمیں سیریز جتانے میں کردار ادا کریں۔سرفراز احمد نے تسلیم کیا کہ 2014 کی سیریز میں صرف 3 وکٹیں لینے والے آف اسپنر ناتھن لیون اب بہتر بولر بن چکے ہیں اور ہمارے بیٹسمینوں کیلئے بھی ان کا سامنا زیادہ آسان نہیں ہو گا۔ شاداب خان کے پہلے ٹیسٹ سے باہر ہونے کے بارے میں کپتان نے کہا اس سے ہماری حکمت عملی متاثر ہوئی لیکن ہم نے متبادل منصوبہ بھی بنا رکھا ہے اور اس پر عمل ہوگا۔
کھیلوں کی مزید خبریں پڑھنے کیلئے اردونیوز " واٹس ایپ اسپورٹس" گروپ  جوائن کریں

شیئر: