Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

تلاوتِ قرآن کو وتیرہ بنالیں، اللہ کی رحمت شامل حال ہوجائے گی، مولانا عمر ندوی

’’ تنظیم فوٹو‘‘ کے زیر اہتمام حافظ عبداللہ عثمانی کی حیدرآبادی کمیونٹی کی 10 تنظیموں کی جانب سے تہنیتی تقریب ،تقریب کے کنونیئر حسن بایزید تھے

امین انصاری۔ ۔  ۔ ۔ جدہ
    جدہ ( امین انصاری ) جدہ میں مقیم حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے حافظ عبداللہ بن عبدالمتین عثمانی کے " جمعیت خیر کم تحفیظ القرآن " کے مقابلے تحفیظ القرآن میں اول انعام حاصل کرنے پر حیدرآباد دکن کی 10 تنظیموں نے مشترکہ طور پر انہیں تہنیت پیش کرکے عظمت قرآن اور افادیت قرآن سے لوگوں کو آگہی دی۔ کنونیئر حسن بایزید کی زیر صدارت " تنظیم فوٹو "  کے تحت تہنیت پیش کرنے والی تنظیموں میں" بزم اتحاد جدہ"، "بزم عثمانیہ جدہ "،"بزم طلبائے قدیم و محبان جامعہ نظامیہ" ،" دکن این آر آئی گروپ" ،" حیدرآباد پین اینڈ پیلیٹیو کیئر "، "خاک طیبہ ٹرسٹ" ،"نور ایجوکیشنل اینڈ ویلفیئر سوسائٹی" ،" تلنگانہ این آر آئی گروپ" ،" اردو اکیڈمی جدہ "اور "اردو گلبن "شامل ہیں ۔تہنیتی تقریب کے کنونیئر حسن بایزید تھے۔قاری سید مصطفی وقار الدین اور قاری محمد نور کی تلاوت کلام پاک اور ماسٹر محمد حسن الدین انصاری  نے نعت سنائی۔ امین انصاری کی قرآن کی فریا د سے تقریب کا آغاز ہوا ۔ مولانا نظام غوری نے نظامت کے فرائض انجام دیئے ۔مولانا مفتی عمر ندوی اور مولانا خلیل اللہ بشیر اویس مہمان خصوصی تھے ۔
    حسن بایزید نے استقبالیہ دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں خوشی ہے کہ دکن کا سپوت حافظ عبداللہ نے تحفیظ القرآن کے مقابلے میں اول آکر ہمارا سر فخر سے اونچا کردیا ۔ جدہ کی 10 تنظیموں کی جانب سے اس تقریب کے انعقاد کا مقصد قرآن کریم کی عظمت اور کمالات کو اجاگر کرنا ہے ،نیز دیگر حفاظ کو اس جانب ترغیب دینا ہے جو دنیا کی چمک دمک کو دیکھتے ہوئے علوم دینیہ میں زیادہ دلچسپی نہیں لیتے ۔انہوں نے کہا کہ قرآن مجید حفظ کرنا قیامت میں درجات کی بلندیاں کا ضامن ہے ۔ اس موقع پر انہو ںنے تمام تنظیموں کی سرگرمیوں پر مختصر روشنی ڈالتے ہوئے ان کا شکریہ اداکیا ۔
    حافظ عبدالمتین نے تلاوت کلام پاک پیش کی اور قرآن کی تلاوت کے فوائد بیان کرتے ہوئے کہا کہ یہ وہ کتاب ہے جو قیامت تک محفوظ رہنے والی ہے ،اس کا حفظ کرنا اور پڑھنا انتہائی آسان اور فوری اثر کرنے والا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ انسانوں کی ہدایت اور رہبری کیلئے نازل کی گئی ہے۔ اگر ہم اس کو سمجھ جائیں تو زندگی کے ہر شعبہ میں کامیابی ہمارا مقدر ہوسکتی ہے ۔
     حافظ عبداللہ کے والد عبدالمتین عثمانی نے کہا کہ انکی اہلیہ کی بھرپور کوشش کی وجہ سے عبداللہ حافظ قرآن بن سکے۔انہوں نے کہا کہ والدین کیلئے بہترین اولاد وہ ہے جو نیک سیرت ہو اور یہ تب ہی ممکن ہے جب ہم اولاد کو علوم دینیہ سے بہرہ ور کریں ۔
    مہمان خصوصی مولانا خلیل اللہ بشیر نے کہا کہ وہ والدین خوش نصیب ہیں جن کے بچے قرآن کریم حفظ کرتے ہیں۔ انہوں نے حافظ عبداللہ کو مشورہ دیا کہ وہ اپنے علم کو دوسروں تک پہنچائیں ۔عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنی زندگی میں قرآن کی تلاوت کا کثرت سے اہتمام کریں کیونکہ جس گھر میں تلاوت قرآن نہیں ہوتی وہ گھر کھنڈر سے بھی بتر ہوتا ہے ۔اللہ کی رحمت اس گھر سے کوسوں دور ہوتی ہے ۔
    دوسرے مہمان خصوصی مولانا عمر ندوی نے کہا کہ دنیا کی تمام کتابوں میں تبدیلی ممکن ہے لیکن قرآ ن مجید کا یہ اعجاز ہے کہ اس میں ایک زیر یا زبر بھی تبدیل نہیں کیا جاسکتا کیونکہ یہ کمسن بچے سے لیکر ضعیف العمر شخص کے سینے میں محفوظ ہے ۔ مولانا نے کہا کہ ہم قرآن کی تلاوت اور اس کی افادیت سے دور ہوکر گمراہیوں اور رسوائیوں کے دلدل میں پھنس رہے ہیں ۔صحابہ اکرام قرآن کی تلاوت کثرت سے کرتے تھے اور زمانے میں سرخرو تھے ۔اللہ کی رحمت اور نصرت کو اپنی زندگی میں شامل حال کرنا چاہتے ہو تو قرآن کریم کی تلاوت کو اپنا وطیرہ بنالو ۔ یقینا اللہ کی نصرت شامل حال ہوگی ۔
    دریں اثناء حافظ عبداللہ کو 10  تنظیموں کی جانب سے گلپوشی کرکے تہنیتی شیلڈ پیش کی گئی جبکہ مختلف تنظیموں کے صدور کی جانب سے تحائف اور نیک تمنائیں دی گئیں ۔
مزید پڑھیں:- - - - - ریاض:پاک سرزمین فورم کی مجلس عاملہ کا اجلاس

شیئر: