Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ریاض میں یوم دفاع کی تقریب، مختلف ممالک کے ملٹری اتاشی کی شرکت

 پاکستان ایک ذمہ دار ملک ہے اور اس کی مسلح افواج خطے میں قیام امن کے لئے بھی بھرپور کوشاں رہتی ہے، خان ہشام بن صدیق
     ریاض(ذکاء اللہ محسن ) - - - -  یوم دفاع پاکستان کی مناسبت سے پروقار تقریب سفارتخانہ پاکستان میں منعقد ہوئی جس میں سعودی رائل آرمی کے میجر جنرل عبدالرحمن اور دیگر اعلیٰ افسران کے علاوہ ریاض میں متعین مختلف ممالک کے ائیر نیول اور ملٹری اتاشی کے ساتھ ساتھ مختلف سفراء نے بھی بھرپور شرکت کی جبکہ پاکستانی کمیونٹی کے سرکردہ افراد کی بڑی تعداد بھی مدعو تھی ۔اس موقع پر مہمانوں سے خطاب کرتے ہوئے سفیر پاکستان ایڈمرل ریٹائرڈ خان ہشام بن صدیق کا کہنا تھا کہ پاک فوج پاکستان کا باوقار ادارہ ہے جس نے قیام پاکستان سے لیکر آج تک پاکستان کی سالمیت اور استحکام کیلئے کام کیا ہے ۔مسلح افواج کا شمار دنیا بھر کی بہترین مسلح افواج میں ہوتا ہے۔ پاکستان نے بری،فضائی اور بحری تینوں شعبوں میں بے شمار ترقی کی ہے اور فوج کو دور حاضر کی طرز پر ہمکنار کیا۔ پاکستان ایک ذمہ دار ملک ہے اور اس کی مسلح افواج خطے میں قیام امن کے لئے بھی بھرپور کوشاں رہتی ہے۔ پاکستان کے اندر دہشت گردی کے عناصر کے خاتمے کیلئے پاکستان آرمی نے ضرب عضب اور ردالفسادجیسے آپریشنز میں دہشتگردوں کو شکست سے دوچار کیا۔ پاک آرمی اقوام متحدہ کے امن دستوں میں بھی بحالی امن کیلئے ہمیشہ کوشاں رہی ہے اور اپنی اعلیٰ صلاحیتوں کو بروکار لاتے ہوئے جنگ زدہ علاقوں میں کام کر رہی ہے۔ اس کی کارکردگی دیگر اقوام کی افواج سے کہیں زیادہ بڑھ کر رہی ہے۔ یوم دفاع پاکستان کے موقع پر ہم جنگ ستمبر کے اُن شہیدوں کو یاد کرتے ہیں جنہوں نے اپنی دھرتی کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ آج کے دن ہم ان غازیوں کو بھی خراج تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے جواں مردی کے ساتھ اپنی سرزمین کی حفاظت کی ۔
    تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ملٹری اتاشی بریگیڈیئر شاہد منظور کا کہنا تھا کہ یوم دفاعِ پاکستان ہماری قومی و عسکری تاریخ کا روشن ترین باب ہے۔ پاکستان آرمی نے اپنی پہلی آزمائش میں ملک کا نہ صرف دفاع کیا بلکہ اپنے سے کئی گنا بڑے دشمن کو شکست سے دوچار کیا اور یہ سب کچھ عوام کی حمایت اور فوجی جوانوں کی قربانی سے ممکن ہوا ۔
    تقریب کے آخر میں سفیر پاکستان خان ہشام بن صدیق نے سعودی رائل آرمی کے میجر جنرل عبدالرحمن کے ہمراہ یوم دفاع کا کیک کاٹا، بعدازاں مہمانوں کو پرتکلف عشائیہ بھی دیا گیا۔
مزید پڑھیں:- -  - - -ریاض:پاک سرزمین فورم کی مجلس عاملہ کا اجلاس

 

شیئر: