Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کرکٹ کو عزت سے خیر باد کہناچاہتا، محمد حفیظ

 
دبئی: آسٹریلیا کے خلاف دبئی ٹیسٹ میں سنچری بنانے والے سابق کپتان اور آل راونڈر محمد حفیظ نے کہا ہے کہ پاکستان میں ہر کرکٹر کو اپنے آخری میچ تک خود کو منوانا پڑتا ہے اور میرے ساتھ بھی ایسا ہی ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عزت کے ساتھ ریٹائر ہونا چاہتا ہوں، ہیڈکوچ مکی آرتھر اور چیف سلیکٹر انضمام الحق کا نام لئے بغیر محمد حفیظ کا کہنا تھا کہ پاکستان میں کھلاڑی کا امتحان کبھی ختم نہیں ہوتا ، پاکستان کے لئے سب سے زیادہ ٹیسٹ رنز بنانے والے سابق کپتان یونس خان بھی اپنے آخری میچ ایسی ہی صورتحال سے دوچار رہے ۔ ہر کھلاڑی اپنے کیریئر کا اختتام عزت کے ساتھ کرنا چاہتا ہے، میرے لیے پہلی ترجیح پاکستان ہے، میری خواہش ہے کہ جب تک کھیل سکتا ہوں پاکستان کیلئے اپنی خدمات جاری رکھوں اور عزت سے کرکٹ کو خیرباد کہوں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کسی کو سمجھانا اور سمجھنا بھی مشکل کام ہے کہ آپ کتنی بار اپنے آپ کو منوائیں گے، کیریئر کے دوران ناقدین آپ کو چیلنج کرتے ہیں، وہ لوگ جو آپ کی بری کارکردگی کا انتظار کررہے ہوتے ہیں وہ آپ کو چیلنج کرتے ہیں، مجھے بھی ایسے ہی حالات کا سامنا رہا لیکن جب بھی اس قسم کی صورتحال پیدا ہوتی ہے تو اللہ تعالیٰ میری خاص مد د کرتا ہے ۔ میں نے اس فارمیٹ میں واپس آنے کیلئے دو سال سخت محنت کی ہے، ٹیم میں چانس ملنے اور سنچری بنانے پر خوش ہوں لیکن مجھے کوئی خوف نہیں تھا، مجھے علم تھا کہ کارکردگی دکھا کر ٹیم میں جگہ بناسکتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ میں ٹیم میں سب سے آخر میں اٹھارہویں کھلاڑی کی حیثیت سے منتخب ہوا تھا اس لیے اسکور کرنا میرے لئے چیلنج تھا دریں اثناءمحمد حفیظ نے اپنی سنچری کو اہلیہ کے نام کرتے ہوئے کہا کہ ٹیم سے باہر ہونے کے دوران اہلیہ نے بھرپور مدد اور حوصلہ افزائی کی اور مجھے مایوس نہیں ہونے دیا۔
کھیلوں کی مزید خبریں پڑھنے کیلئے اردونیوز " واٹس ایپ اسپورٹس" گروپ  جوائن کریں
 

شیئر: