ہاکی ورلڈ کپ اور اولمپکس ہمارا اصل ہدف ہیں،اصلاح الدین
لاہور:پاکستان ہاکی فیڈریشن کے نئے چیف سلیکٹر اصلاح الدین صدیقی کا کہنا ہے کہ قومی ہاکی ٹیم میں بھی تبدیلی آنے والی ہے اورہمار اصل ہدف ورلڈ کپ اور اس کے بعد اولمپکس ہے ۔ اپنے دور کے عظیم کھلاڑی اور سابق کپتان اولمپئین اصلاح الدین صدیقی نے کہا کہ میں نے پہلے بھی اپنی ہر ذمہ داری کو قومی فریضہ سمجھ کر انجام دینے کی کوشش کی ۔اصلاح الدین صدیقی نے کہا کہ مسقط کے سلطان قابوس اسٹیڈیم میں شیڈول ایشین چیمپئینز ٹرافی کے لئے دستیاب بہترین کھلاڑیوں کا انتخاب عمل میں لایا جائے گا، ایونٹ کی تیاری کے سلسلے میں لاہورمیں قومی تربیتی کیمپ کے پہلے مرحلے کے بعد کراچی میں دوسرے مرحلے میں ممکنہ کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کو جانچا جائےگا، اگر ضرورت محسوس کی گئی تو مزید کھلاڑیوں کو کیمپ میں طلب کیا جائے گا۔چیف سلیکٹر نے کہا کہ وہ ممکنہ طور پر 11 اکتوبر کو ہونے والے ٹرائلز کے بعد قومی سلیکشن کمیٹی کے ارکان اولمپئین قاسم خان، اولمپئین مصدق حسین اور اولمپئین ایاز محمود کے ہمراہ 18 رکنی حتمی اسکواڈ کا انتخاب کریں گے۔ایک سوال کے جواب میں اصلاح الدین صدیقی نے کہا کہ اب ہمیں حالیہ ناکامیوں کو بھلا کر آگے کی جانب دیکھنا ہے، کیمپ کمانڈنٹ اور ہیڈ کوچ اولمپئین حسن سردار کی زیر نگرانی کیمپ میں کھلاڑیوں کی خامیوں کو دور کرنے کی کوشش کی جائے گی۔چیف سلیکٹر نے کہا کہ پاکستان کو ہاکی میں فتوحات کے لئے سخت محنت اور وقت درکار ہے۔
کھیلوں کی مزید خبریں پڑھنے کیلئے اردونیوز " واٹس ایپ اسپورٹس" گروپ جوائن کریں