ہاکی ورلڈ کپ کیلئے کھلاڑیوں کیلئے ہندوستانی ویزا
لوزین:انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن (آئی ایچ ایف) نے پاکستان کو یقین دہانی کرائی ہے کہ اسے رواں سال ہند میں ہونے والے ہاکی ورلڈ کپ کیلئے ویزوں کے حصول میں کسی قسم کی مشکلات پیش نہیں آئیں گی۔ ہاکی ورلڈ کپ کا 14واں ایڈیشن رواں سال 28نومبر سے 16دسمبر تک ہندکے شہر بھونیشور میں ہو گا جس میں پاکستان سمیت دنیا کی 16ٹیمیں شرکت کریں گی۔پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سربراہ بریگیڈیئر ریٹائرڈ خالد سجاد کھوکھر نے کہا ہے کہ انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن کی مداخلت کی بدولت اس مرتبہ پاکستانی ٹیم کے لئے ہند میں شیڈول ایونٹ میں شرکت کوئی مسئلہ نہیں ہو گا۔ ویزا کے حصول کے حوالے سے آئی ایچ ایف کے سربراہ نریندر بترا سے تفصیلی بات چیت ہوئی اور ان سمیت تمام آفیشلز نے ہمیں ہدایات دیں کہ ورلڈ کپ کے ویزا کیلئے پاکستانی کھلاڑیوں اور سپورٹ اسٹاف کی درخواستیں جمع کرانے کا کام بروقت شروع کردیں تاکہ ویزا کے اجراء میں کوئی مسئلہ نہ ہو۔