حکومت ضمنی انتخابات کے من پسند نتایج چاہتی ہے‘ ن لیگ
اسلام آباد: ترجمان مسلم لیگ ن مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ آئی جی پنجاب کی تبدیلی انتخابات کے من پسند نتایج کے حصول کے لیے کی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق انہوں نے کہا کہ محمود الرشید کے بیٹے کے معاملے میں آئی جی پنجاب نے ان کی بات نہیں مانی جس کی وجہ سے نئے آئی جی کی تعیناتی کا نوٹی فکیشن جاری کیا گیا۔ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے ضمنی انتخابات سے قبل پولیس کے اہم عہدے کی تبدیلی کو دھاندلی کی کوشش قرار دیا۔ مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ ڈی پی او پاکپتن کا تبادلہ وزیر اعظم کی ذاتی مجبوری تھی۔ آئی جی پنجاب نے اس معاملے میں وہ نہیں کیا جو اُن سے کہا گیا تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعظم عمران خان آئی ایم ایف کے پاس جانے پر خود کشی نہ کریں لیکن معافی ضرور مانگیں۔ انہوں نے کہا چیلنج کرتی ہوں کہ احتساب شروع کریں اور وزیراعظم عمران خان کی بہن علیمہ خان اور علیم خان کی جائدادوں کا بتائیں۔ مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ جھوٹ بول کر اور تماشے کرکے حکومت نہیں چلائی جا سکتی ہے۔ آج عوام کو وزیراعظم کی کرسی اور کنٹینر میں زیادہ فرق نظر نہیں آ رہا۔