Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

رائے بریلی : ٹرین کی6بوگیاں پٹری سے اتر گئیں،9افراد ہلاک

رائے بریلی۔۔۔۔اتر پردیش میں ضلع رائے بریلی کے ہرچند پور ریلوے اسٹیشن کے نزدیک علی الصباح نیو فرخا ایکسپریس کی 6بوگیاں پٹری سے اتر گئیں۔ اس حادثے میں9افراد ہلاک اور50سے زائد زخمی ہوگئے۔اطلاع ملتے ہی پولیس اور امداد ور احت رسانی کی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔امدادی ٹیموں نے ٹرین میں پھنسے مسافروں اور زخمیوں کو باہر نکالنے کی کارروائی شروع کردی۔مرنیوالوں میں ایک خاتون اور بچہ شامل ہے۔ذرائع کے مطابق ہرچند پور سے 50میٹر کے فاصلے پر ٹرین کی بوگیاں پٹری سے اترنے کے بعد مسافروں میں کھلبلی مچ گئی۔ لوگ خوف کے عالم میں جان بچانے کیلئے ادھر ادھر بھاگنے لگے اور افراتفری پھیل گئی۔مسافروں کی مدد کیلئے علاقے کے لوگوں کی بڑی تعداد موقع پر پہنچ گئی۔واضح ہو کہ یہ ٹرین مالدا سے رائے بریلی ہوتے ہوئے دہلی جارہی تھی۔اس حادثے کی وجہ سےرائے بریلی اور پرتاپ گڑھ روٹ بری طرح متاثر ہوا۔ اس روٹ سے گزرنے والی 13ٹرینیں منسوخ اور متعدد ٹرینوں کے روٹس تبدیل کردیئے گئے۔یوپی کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے ڈی جی پی او پی سنگھ سے حادثے سے متعلق معلومات حاصل کیں۔ضلع افسر ، ایس پی ، محکمہ صحت کے افسران اور نیشنل ڈیزاسٹر فورس کے اہلکاروں کو ہدایت دی کہ مسافروں کو ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے۔وزیر اعلیٰ یوگی نے حادثے میں مرنیوالوں کے لواحقین کو فی کس 2لاکھ روپے اور زخمیوں کو 50،50ہزار روپے بطور معاوضہ دینے کا اعلان کیا۔لکھنؤ اور وارانسی سے این ڈی آر ایف کی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ کرزخمیوں کو مقامی اسپتال پہنچانے کی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔محکمہ ریلوے نے حادثے سے متعلق ضروری معلومات حاصل کرنے کیلئے ایمرجنسی نمبرز جاری کئے۔دین دیال اپادھیائے( مغل سرائے) کاموبائل نمبر 05412-254145،فون نمبر027-73677۔پٹنہ ریلوے اسٹیشن سے رابطہ کرنے کیلئے موبائل نمبر0612-2202290, 0612-2202291, 0612-220229،فون نمبر 025-83288۔ ریلوے بورڈ کے چیئرمین اشونی لوہانی جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔ اے ڈی جی لا اینڈ آرڈر آنند کمار نے بتایا کہ اے ٹی ایس کی ٹیم نے بھی موقع پر پہنچ کر حادثے کی تحقیقات شروع کردی۔
مزید پڑھیں:- - -  -پٹنہ: جیل سے رہاہونیوالے بدمعاش کو گولیوں سے بھون ڈالا

ہندوستان کی تازہ ترین خبروں کے لئے ’’اردونیوز انڈیا‘‘ گروپ جوائن کریں

رائے دیں، تبصرہ کریں
 

شیئر: