Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حیدرآباد دکن ٹیسٹ: ہند کیخلاف ویسٹ انڈیز کے 295/7رنز

حیدرآباد دکن:ہند کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ کے پہلے دن ویسٹ انڈین ٹیم اپنے مڈل آرڈر بیٹسمین روسٹن چیز اور کپتان جیسن ہولڈر کی عمدہ بیٹنگ کی بدولت ہندوستانی بولر ز تمام کوششوں کو ناکام بناتے ہوئے پہلی اننگز میں7وکٹوں کے نقصان پر295رنز بنانے میں کامیاب ہو گئی ۔ پہلے دن کا کھیل ختم ہوا تو روسڑن چیز98رنز پر کھیل رہے تھے اور ان کے ساتھ اسپنر دویندر بشو2رنز پر ناٹ آوٹ ہیں۔ امیش یادو اور کلدیپ یادو3-3وکٹیں لینے میں کامیاب رہے ۔ حیدر آباد دکن کے راجیو گاندھی اسٹیڈیم میں دوسرے ٹیسٹ کا ٹاس ویسٹ انڈین کپتان جیسن ہولڈر نے جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔اوپنرز32رنزکا آغاز فراہم کرسکے۔ روی چندرن ایشون نے کیرون پولارڈ کو آوٹ کرکے اس شراکت کا خاتمہ کیا ۔113 پر ویسٹ انڈیز کی آدھی ٹیم پویلین جاچکی تھی تاہم اس مرحلے پرروسٹن چیز اور شینن ڈاﺅرچ نے دفاعی کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے اسکور کو182رنز تک پہنچا دیا ۔ڈاورچ 30رنز بناکر آوٹ ہوئے توکپتان جیسن ہولڈر نے چھٹی وکٹ کی شراکت میں روسٹن چیز کے ساتھ 104رنز کی شراکت قائم کرتے ہوئے ہندوستانی بولرز کو پریشان رکھا۔ دونوں نصف سنچریاں مکمل کرنے میں کامیاب رہے۔ دن کے آخری مرحلے میں جیسن ہولڈر امیش یادو کی گیند پر وکٹ گنوا بیٹھے، انہوں نے52رنز بنائے جس میں4چوکے شامل تھے۔دوسری جانب روسٹن چیز جو سنچری کے قریب ہیں دفاعی انداز اپناتے ہوئے وکٹ پر ڈٹے ہوئے ہیں۔کھیل کے خاتمے کا اعلان ہوا انہیں سنچری کیلئے صرف2رنز کی ضرورت تھی۔ چیز نے174گیندیں کھیلیں، ایک چھکا اور7چوکے لگائے۔فاسٹ بولر امیش یادو اور اسپنر کلدیپ یادو3-3وکٹیں لینے میں کامیاب ہوئے ہیں۔پہلے ٹیسٹ کی نسبت اس میچ میں ویسٹ انڈین بیٹنگ لائن نے بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا ۔ہندوستان کوسیریز میں0-1کی برتری حاصل ہے۔
کھیلوں کی مزید خبریں پڑھنے کیلئے اردونیوز " واٹس ایپ اسپورٹس" گروپ  جوائن کریں

شیئر: