بلدیاتی انتخابات: تیسرا مرحلہ، کشمیر میں 3.5 اور جموں میں 81.4 فیصد ووٹنگ
اتوار 14 اکتوبر 2018 3:00
سرینگر۔۔۔۔جموں وکشمیر میں بلدیاتی انتخابات کے تیسرے مرحلے میں 4 اضلاع پر محیط 7 بلدیاتی اداروں کے 96 حلقوں میں16. 4فیصد ووٹ ڈالے گئے۔ پولنگ کے دوران کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا۔ریاستی پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ مجموعی طور پر ووٹنگ پرامن رہی اور کہیں سے کسی ناخوشگوار واقعہ کی کوئی اطلاع نہیں ملی۔وادی کے اکثر پولنگ مراکز کو حساس ترین قرار دیا گیا تھا۔ اس مرحلے میں 365 امیدواروں کی قسمت الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں میں بند ہوگئی۔ چیف الیکٹورل افسر شالین کابرا نے کہاکہ وادی کشمیر کے 40 بلدیاتی حلقوں میں3.5فیصد جبکہ صوبہ جموں کے 56 بلدیاتی حلقوں میں81.4 فیصد پولنگ درج کی گئی۔ شالین کابرا نے کہا کہ تینوں مرحلوں میں اب تک41.9فیصد پولنگ ریکارڈ کی گئی جس میں سے وادی میں6.7 فیصد جبکہ جموں میں68.4د ریکارڈ کی گئی ہے۔ سری نگر میونسپل کارپوریشن کے حلقہ نمبر 41 کے پولنگ مرکز نمبر 9 مخدوم صاحب میں ای او ایم کی بروقت بدلی نہ ہونے کی وجہ سے اس پولنگ مرکز پر 16 اکتوبر کو از سر نو پولنگ ہوگی۔ انتخابی کمیشن کے مطابق اگرچہ تیسرے مرحلے کی نوٹیفکیشن کے مطابق ریاست میں ہفتہ کے روز 207 بلدیاتی حلقوں میں پولنگ ہونی تھی، تاہم وادی کے 49 بلدیاتی حلقوں میں امیدوار بلامقابہ کامیاب ہوئے جبکہ 62 بلدیاتی حلقے ایسے ہیں جہاں کوئی امیدوار سامنے نہیں آیا۔صوبہ جموں کے رائے دہندگان میں کافی جوش وخروش دیکھا گیا۔