سپر کلاسک فٹبال چیمپیئن شپ : برازیل 0-2سے جیت گیا
اتوار 14 اکتوبر 2018 3:00
ریاض: سعودی عرب میں سپر کلاسک فٹبال چیمپیئن شپ کے نام سے کھیلے جانیوالے ٹورنامنٹ میں 4ممالک کی ٹیمیں شامل ہیں۔ ٹورنامنٹ میں کھیلے گئے دوسرے میچ میں برازیل کی ٹیم نے میزبان سعودی عرب کی ٹیم کو صفر کے مقابلے میں 2گول سے شکست دیدی۔ سعودی عرب کی جنرل اسپورٹس اتھارٹی کی جانب سے کرائی جانیوالی اس چیمپیئن شپ میں سابق عالمی چیمپیئن برازیل کی فٹبال ٹیم نے دوستانہ میچ میں عمدہ کھیل کا مظاہرہ کر کے یہ فتح سمیٹ لی۔ برازیل کے کپتان اور عالمی شہرت یافتہ سپر اسٹار فٹبالر نیمارجونیئر میچ میں کوئی گول نہ کر سکے لیکن اس کے باوجود پورے میچ میں توجہ کا مرکز بنے رہے۔ ریاض کی ملک سعود یونیورسٹی کے خوبصورت گراونڈ میں کھیلا گیا۔ اسٹیڈیم تماشائیوں سے بھرا ہوا تھا۔ تماشائی اس چیمپیئن شپ کے دوستانہ میچ میں دونوں ٹیموں کی بھرپور پذیرائی کر رہے تھے۔ سپرا سٹارز کی دوستانہ میچ میں بھی سپر انٹری رہی، زبردست اسٹرائیک، اٹیک اور ڈیفنس کے انداز سے تماشائی خوب لطف اندوز ہوئے۔ میچ کے دونوں گول برازیل کی جانب سے گیبریل جیسس اور الیکس سندرو نے اضافی وقت میںکئے۔ آئندہ میچ میں 15اکتوبر کو سعودی عرب کی ٹیم عراق کی ٹیم کا سامنا کرے گی جبکہ چیمپیئن شپ کا آخری میچ 16اکتوبر کو جدہ کے کنگ عبداللہ اسٹیڈیم میں ہوگا جس میں برازیل کی ٹیم کا سامنا ارجنٹائن سے ہوگا۔
کھیلوں کی مزید خبریں پڑھنے کیلئے اردونیوز " واٹس ایپ اسپورٹس" گروپ جوائن کریں