Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جدہ : کیرم ٹورنامنٹ کا انعقاد ،عبدالرحمن چیمپیئن قرار

 
 " جدہ کیرم گروپ " کے ذمہ داران عابدی ، سمیر اور فہیم نے مقابلوں کا اہتمام کیا ،فائنل میں احمد الدین اویسی مہمان خصوصی
امین انصاری۔جدہ 
جدہ میں پہلی مرتبہ " کیرم بورڈ " چیمپئن شپ مقابلوں کا اہتمام " جدہ کیرم گروپ" کے زیر اہتمام منعقد کیا گیا ۔ آرگنائزر کیرم گروپ عابدی نے بتایا کہ سعودی عرب میں تارکین وطن کیرم بورڈ گھروں کی چار دیواری میں برسوں سے کھیل رہے تھے ۔ ہم نے اپنے معاونین سمیر اور فہیم کے ساتھ بڑے پیمانے پر ٹورنامنٹ کروانے کا فیصلہ کیا ۔جب ہم نے اس کی تشہیر کی تو ہزاروں کی تعداد میں کیرم کے کھلاڑیوں نے مسرت کا اظہار کرتے ہوئے شرکت کو یقینی بنایا۔ ہم نے سلیکشن کمیٹی تشکیل دی جس میںمحمد ارشد ، محمد عثمان اور نذیر سیٹھ نے اپنے تجربات کی بنیاد پر کھلاڑیوں کا انتخاب کیا ۔ چیمپیئن شپ میں 32 کھلاڑیوں کو موقع دیا گیا جبکہ اتنی ہی تعداد میں جونیر کھلاڑیوں کا بھی مقابلہ رکھا گیا ۔ یہ ٹورنامنٹ 6 ہفتے چلتا رہا ۔بعد ازاں فائنل کا مشاہدہ کرنے کیلئے بحیثیت مہمان خصوصی احمد الدین اویسی ، اعجاز احمد خان اور یوسف الدین امجد کو دعوت دی گئی ۔ احمد الدین اویسی نے کیرم بورڈ کا " شاٹ " لگاکر فائنل کا افتتاح کیا ۔احمد الدین اویسی نے اس موقع پر کہا کہ کیرم بورڈ گیم بہت ہی نفیس ماحول میں کھیلا جانے والا گیم ہے ۔ اس گیم کی خصوصیت یہ ہے کہ جتنا کھیلنے والے مسرور ہوتے ہیں اس سے کہیں زیادہ دیکھنے والے لطف اندوز ہوتے ہیں ۔ جدہ کیرم گروپ نے ٹورنامنٹ کرواکے نہ صرف اہل جدہ بلکہ مملکت کے تمام تارکین کو ایک نئی فکر دی ۔ ہمیں اس گیم کو عام کرنا چاہئے ۔ اعجاز احمد خان نے اس موقع پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صحرا میں ہم نے جہاں کرکٹ کو فروغ دیا وہیں عابدی نے کیرم بورڈ ٹورنامنٹ کرواکر تاریخ رقم کرلی ۔ یوسف الدین امجد نے جدہ کیرم گروپ کو دلی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ کیرم گیم کی خصوصیت یہ ہے کہ وہ لوگوں کو جوڑے رکھتا ہے ۔ مختصر وقت میں ٹیم جیت کر دوسروں کو موقع دیتی ہے اس لئے اس کھیل میں بوریت نام کی کوئی چیز نہیں ۔ ہمیں ایسے کھیلوں کو بڑھاوا دینے کی ضرورت تھی جو آج عابدی ، سمیر اور فہیم نے کردکھایا ۔ فائنل میں کامیابی حاصل کرنے والوں میں چوتھی پوزیشن سمیر ابراہیم نے حاصل کی جبکہ تیسری پوزیشن وقاص انصاری نے حاصل کی ۔ چیمپئن شپ کا فائنل آصف انصاری اور عبدالرحمن کے درمیان ہزاروں شائقین کیرم بورڈ کے درمیان انتہائی دلچسپ ماحول میں احمد الدین اویسی کی نگرانی میں کھیلا گیا جسے عبدالرحمن نے جیت کر جدہ چیمپیئن ٹرافی اپنے نام کرلی ۔ 
کھیلوں کی مزید خبریں پڑھنے کیلئے اردونیوز " واٹس ایپ اسپورٹس" گروپ  جوائن کریں

شیئر: