تقرری پرمبارکباد اردو کوسرکاری دفاتر میں رائج کرنے کی اپیل،سید عبدالرافع نے شال پوشی کی
جدہ ( امین انصاری ) تلنگانہ این آر آئی فورم جدہ کے نائب صدر محمود مصری و نائب صدر کلچرل آرگنائزر سید عبدالرافع نے ریاست تلنگانہ کی اردو اکیڈمی کے نو منتخب چیئرمین مولانا محمد رحیم الدین انصاری سے ملاقات کرکے ان کی شال پوشی کی اور گلدستہ پیش کیا ۔ اس موقع پر نائب صدر محمود مصری نے تلنگانہ میں اردو کے فروغ اور سرکاری دفاتر میں اردو رائج کرنے کے سلسلے میں اقدامات کی اپیل کی ۔ انہوں نے چیئرمین اردو اکیڈمی مولانا رحیم الدین انصاری کو تنظیم تلنگانہ این آر آئی فورم کی جانب سے دلی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ آپ کی تقرری اردو کے فروغ کیلئے مستحسن اقدام ہے ۔ ہمیں قوی امید ہے کہ ریاست تلنگانہ میں اردو کا چلن عام ہوگا ۔ چیئرمین اردو اکیڈمی نے انہیں اطمینان دلایا کہ اردو زبان کو حکومتی لیول پر عنقریب عام کرنے کی پوری کوشش کی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ اردو مدارس کے قیام اور جو مدارس ہیں ان کی بہتر کارکردگی کیلئے کام کریں گے نیز شعراء، ادیب اور اردو صحافت کے احباب کی پذیرائی کی جائے گی اور ان کی خدمات کو سراہا جائے گا ۔ اس موقع پر محمود مصری نے این آر آئی آئیز کے مسائل سے چیئرمین اردو اکیڈمی کو بریفنگ دی ۔