لاہور: مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیر اعظم نواز شریف گزشتہ روز ہونے والے ضمنی انتخاب میں اپنا ووٹ ہی نہیں ڈال سکے۔ ذرائع کے مطابق نواز شریف پولنگ کے لیے مقرر کردہ وقت ختم ہونے سے کچھ ہی دیر قبل پولنگ استیشن پہنچے جہاں پارٹی کارکنوں نے ان کا بھرپور استقبال کیا۔
نواز شریف کے ساتھ ان کی بیٹی مریم ناوز اور سلمان شہباز بھی موجود تھے۔ ذرائع کے مطابق سابق وزیر اعظم پولنگ اسٹیشن کے اندر گئے تو پتا چلا کہ وہ اپنا شناختی کارڈ گھر ہی بھول گئے جس کی وجہ سے انہیں حق رائے دہی استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی گئی اور وہ بغیر ووٹ ڈالے واپس آ گئے۔
واضح رہے کہ اس نشست پر ن لیگ کے شاہد خاقان عباسی اور پی ٹی آئی کے غلام محی الدین دیوان مدمقابل تھے۔ اس حلقے این اے 124 میں عام انتخابات میں مسلم لیگ ن کے حمزہ شہباز شریف کامیاب ہوئے تھے ۔ ان کے نشست چھوڑنے کی وجہ سے اس حلقے میں ضمنی الیکشن گزشتہ روز ہوا جس میں شاہد خاقان عباسی نے کامیابی حاصل کی۔