ایک حلقے میں کسی خاتون نے ووٹ نہیں ڈالا‘ تحقیقات شروع
اسلام آباد: ضمنی انتخابات کے موقع پر قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 65 (چکوال) کے 6 پولنگ اسٹیشنز میں کسی بھی خاتون نے حیرت انگیز طور پر اپنا ووٹ نہیں ڈالا۔ ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن نے نوٹس لیتے ہوئے حلقے کے امیدواروں کو شوکاز نوٹس جاری کرنے کے ساتھ ڈی آر او کو معاملے کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔
واضح رہے کہ حلقے میں کل ووٹرز کی تعداد 5 لاکھ 52 ہزار 523 ہے ، جس میں مرد ووٹرز کی تعداد 2 لاکھ 87 ہزار 48 اور خواتین ووٹرز کی تعداد 2 لاکھ 65 ہزار 475 ہے۔ اس حلقے سے عام انتخابات میں ق لیگ کے چودھری پرویز الٰہی 1 لاکھ 57 ہزار ووٹ لے کر کامیاب ہوئے تھے۔ اور بعد ازاں ان کے اسپیکر پنجاب اسمبلی بننے کے بعد یہ نشست خالی ہوگئی تھی۔