پاکستان تحریک انصاف مکہ مکرمہ ریجن کی کورکمیٹی کا اجلاس
چیف کورآرڈینٹر مڈل ایسٹ ذوالقرنین علی خان کی قیادت پر بھرپور اظہار اعتماد ،
محمد عامل عثمانی۔مکہ مکرمہ
پاکستان تحریک انصاف مکہ مکرمہ کی کور کمیٹی کا اجلاس گزشتہ روز مقامی ہوٹل میں منعقدہواجس کی صدارت پاکستان تحریک انصاف مکہ مکرمہ کے صدر ڈاکٹر خالد عظیم خٹک نے کی۔ اجلاس سے پی ٹی آئی مکہ مکرمہ کے نائب صدر ملک سرفراز اعوان، جنرل سیکریٹری سید خاقان، فنانس سیکریٹری چوہدری فارس، صدر میڈیکل ونگ محمد انور جاوید، صدر یوتھ ونگ حسن زادہ، نائب صدر یوتھ ونگ ارسلان سنی،احتساب کمیٹی کے عہدیداران غلام دستگیر خان، محمد زبیر ، حافظ اکبر حسین نے بھی خطاب کیا۔ اجلاس میں پاکستان تحریک انصاف مڈل ایسٹ کے چیف آرگنائزر ذوالقرنین علی خان کی قیادت پر بھر پور اعتماد کا اظہار کیا گیا اور پاکستان تحریک انصاف مڈل ایسٹ بالعموم اور سعودی عرب کے لیے بالخصوص ان کی گراں قدر خدمات کو سراہا گیا اور ان کی بھرپور حمایت کا اعادہ کیا ۔ چیف آرگنائزر ذوالقرنین علی خان کے ساتھ مل کر پاکستانی کمیونٹی کی خدمت اور نئے پاکستان کی تکمیل کے لیے کام کرنے پر زور دیا گیا۔ اجلاس کے شرکاء نے اوورسیز پاکستانیوں کو درپیش مسائل کو حل کرانے اور پاکستان تحریک انصاف سعودی عرب کو ترقی کے راہ پر گامزن کرنے کیلئے تمام ریجن کیساتھ مل کر کوششیں کرنے کا عزم کیا۔اس موقع پر پی ٹی آئی مکہ مکرمہ کی سہ ماہی کارکردگی رپورٹ کا جائزہ لیا گیا جس میں حج کے موقع پر پاکستانی حجاج کرام کی خدمت اور گزشتہ عام انتخابات میں پی ٹی آئی مکہ مکرمہ ٹیم کی پاکستان میں بھرپور شرکت اور سپورٹ نمایاں تھی۔اجلاس کے اختتام پر صدر پی ٹی آئی مکہ مکرمہ ڈاکٹر خالد عظیم خٹک کی جانب سے پرتکلف عشائیہ کا اہتمام کیا گیا تھا۔ آخر میں پاکستان کی ترقی، استحکام اور سلامتی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔