ریاض : پاکستان انٹرنیشنل سکول ناصریہ گرلز ونگ میں مینا بازار
مینا بازار میں پاکستانی ثقافت کے تمام رنگ ہر سو بکھرے تھے،زیورات، بچوں کے کھلونے اور مہندی لگانے کے اسٹالز کافی مقبول رہے
ذکاء اللہ محسن ۔ ریاض
پاکستان انٹر نیشنل اسکول ، ریاض میں وقتاً فوقتاً ایسی ہم نصابی تقریبات کا اہتمام کیا جاتا ہے جن کی وجہ سے طالبات کی حصولِ علم میں دلچسپی بڑھ جاتی ہے اور آگے بڑھنے اور سیکھنے کی استعداد میں بھی اضافہ ہوتا ہے۔انہی مقاصد کو پیشِ نظر رکھتے ہوئے ادارے نے سینیئر گرلز ونگ میں مینا بازار کا انعقاد کیا۔ سعودی عرب جہاں خواتین اور خاص طور پر پاکستانی خواتین کیلئے تفریحی مواقع بہت کم ملتے ہیں ۔ تقریب کے سر پرستِ اعلیٰ پرنسپل گوہر رفیق اور سر پرست وائس پرنسپل گرلزمسز فوزن عظیم بھٹی تھیں۔ ونگ ہیڈز مسز نصرت ناہید اور مسز فوزیہ باجوہ نے اپنے اپنے ونگز کے انتظامات کی نگرانی کی۔ مینا بازار کوآرڈینیٹر مسز آسیہ ملک تھیں جبکہ منتظمین کے فرائض مسز آسیہ مشتاق، مسز صوفیہ دانش اور مِس سارہ منہاس نے انجام دیئے ، کمپیئرنگ کی ذمہ داری مسز حمیرا سلیم اور مسز فرح ماجد نے خوب نبھائی۔تقریب کی مہمانِ خصوصی مسزمریم سلیم ( بیگم نائب سفیر) تھیں ۔ مہمانان گرامی میں اسکول مینجمنٹ کونسل کی بیگمات مسز ڈاکٹر رجب علی ، مسز افضل مرزا، مسز ڈاکٹر طلحہ، مسز ڈاکٹر عبیداللہ جان نے شہر کی تمام نمایاں ہستیوں کے ساتھ شرکت کی۔ مہمان خصوصی کو پراکٹرز کے دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔مینا بازار میں ثقافت کے تمام رنگ شامل تھے۔ نہ صرف پاکستانی کھانوں بلکہ پاکستانی لباس ،زیورات، بچوں کے کھلونوں اور مہندی لگانے کے اسٹال بھی لگاگئے تھے۔ کچھ اسٹال پاکستانی کمیونٹی کی طرف سے تھے اور کچھ اسٹال پر طالبات اساتذہ کے ساتھ مل کر اپنے اسکول کی نمائندگی کر رہی تھیں۔ تمام اسٹالز کو بہت ہی خوبصورت طریقے سے سجایا گیا تھا۔ مہمان خصوصی مسز مریم سلیم اور دیگر مہمانانِ گرامی ایک ایک سٹال پرگئیں اورا سٹال ہولڈرز کی حوصلہ افزائی کی۔ خاص طور پر بچوں کا جوش و جذبہ اور خوشی دیدنی تھی۔ پاکستان انٹرنیشنل اسکول ، ریاض کا مقصد بھی یہی تھا کہ سمندر پار پاکستانیوں کو معیاری اور بہتر تفریح مہیا کی جائی تاکہ پاکستانی خواتین کو مل بیٹھنے کا موقع ملے، انھیں کاروبار کے بہتر ذرائع میسر آئیں اور وہ ملک سے دور رہ کر بھی اپنی ثقافت کو اجاگر کر سکیں۔ اپنے خطاب میں مسز ذیشان نے کہا کہ مجھے آج اس بازار میں آ کر وطن سے دوری کا احساس ختم ہو گیا ہے۔ ایسے مواقع کمیونٹی کو قریب کرتے ہیں اور ہم خواتین کو زندگی کا احساس دلاتے ہیں۔ میں بچیوں کو تعلیم پر اپنی توجہ مرکوز رکھنے کا بھی مشورہ دوں گی۔ مسز فوزن بھٹی نے مہمان خصوصی اور تمام منتظمین کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ریاض کمیونٹی ایک خوبصورت پاکستان کی عکاس ہے۔ ہم اپنی کمیونٹی کی تعلیمی ضروریات کو اولین ترجیح دیتے ہیں۔