نوئیڈا سے کینیڈا تک دھوکہ بازوں کا جال؟
نئی دہلی۔۔۔۔کینیڈا میں مقیم باشندوں اور تارکین کو ٹیکس میں رعایت دلانے کا جھانسہ دیکر رقم اینٹھنے والے گروہ کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔ کینیڈا پولیس کی اطلاع پر نوئیڈا کے سیکٹر 63میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے غیر قانونی کال سینٹر سے ایک شخص کو گرفتار کیا جبکہ گروہ کے دیگر افراد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ پولیس نے موقع پر موجود متعدد کمپیوٹر،موبائل اور لیپ ٹاپ ضبط کرلئے۔ سائبر سیل کے انچارج انسپکٹر ظہیر خان نے بتایا کہ گرفتار کئے گئے شخص کا نام ساحل ورما ہے۔ وہ شاہدرہ (دہلی) کا رہنے والا ہے۔ اس نے 5ساتھیوں کے ہمراہ فرضی کال سینٹر کھول رکھا تھا۔ گروہ میں شامل افرادانگریزی زبان فراٹے سے بولتے ہیں۔انہوں نے کینیڈا سمیت دنیا کے مختلف ممالک میں نافذ ٹیکس قوانین سے متعلق اہم معلومات رکھتے ہیں۔وہ نوئیڈا میں بیٹھ کر غیر ملکی باشندوں اور تارکین وطن سے انٹر نیٹ کے ذریعے رابطہ کرکے خود کو متعلقہ ممالک کا باشندہ ظاہرکرکے ٹیکس میں لاکھوں روپے کی رعایت دلاکر زبرد ست فائدہ پہنچانے کی پیشکش کرتے اورکمیشن کے نام پر پیسے اپنے اکاؤنٹس میں ٹرانسفر کرانے کے موبائل بند کردیتے تھے۔انسپکٹر کے مطابق ملزمان نے گزشتہ ایک سال کے دوران متعدد ممالک کے باشندوں کے ساتھ دھوکہ دہی کی جن کی بابت ضروری معلومات جمع کی جارہی ہیں۔ملزم ساحل ورما کے قبضے سے 5سی پی یو ،ایک راؤٹر، ایک ڈی لنک ڈیوائس ، 2لیپ ٹاپ اور ایک موبائل برآمد کئے ۔ گروہ کے مفرور ملزمان کی گرفتاری کی کارروائی شروع کردی گئی۔