Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان ہاکی ٹیم کیلئے دوبارہ غیر ملکی کوچ کی تجویز

لاہور:پاکستان ہاکی فیڈریشن قومی ٹیم کیلئے ایک مرتبہ پھر غیر ملکی کوچ رکھنے کی تجویز پر غور کر رہی ہے ۔ فیڈریشن حکام کو یہ تجویز نومبر، دسمبر کے دوران ہند میں ہونے والے ہاکی ورلڈ کپ میں پاکستانی ٹیم کے جرمنی، ہالینڈ اور ملائیشیا پر مشتمل سخت گروپ کو دیکھتے ہوئے دی گئی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ فیڈریشن حکام عمان میں جاری ایشین چیمپئنز ٹرافی میں قومی ٹیم کی کارکردگی کے بعد نیا کوچ رکھنے یا نہ رکھنے کا حتمی فیصلہ کریں گے۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ ہالینڈ سے تعلق رکھنے والے سابق کوچ رولنٹ اولٹمینز کا پاکستانی ٹیم کے ساتھ ورلڈ کپ تک کا معاہدہ تھا تاہم ملائشیا کی طرف سے پرکشش پیکج کی پیشکش ملنے کے بعد انہوں نے پاکستانی ٹیم کی مزید کوچنگ کرنے سے انکار کر دیا تھا۔ ایشین چیمپئینز ٹرافی میں قومی ٹیم کی کوچنگ کا دارومدار محمد ثقلین اور ریحان بٹ پر ہی ہوگا، اگر ان کوچز کا تجربہ کام نہ آسکا تو ورلڈ کپ کے لئے نیا کوچ رکھنا ناگزیر ہو جائے گا۔ ذرائع کے مطابق پاکستان میں اچھے کوچ کی عدم دستیابی کے باعث ایک بار پھر غیر ملکی کوچ کی طرف جایا جاسکتا ہے ۔ذرائع کے مطابق پاکستان ہاکی فیڈریشن کاسب سے بڑا مسئلہ فنڈز کا نہ ہونا ہے ، غیرملکی کوچ کی خدمات حاصل کرنے کے لئے فیڈریشن کو خطیر رقم بھی درکار ہوگی اگر حکومت کی طرف سے فنڈز نہ مل سکے یا اپنے طور پر بڑی رقم کا انتظام نہ کیا جا سکا تو موجودہ ٹیم مینجمنٹ پر ہی انحصار کرنا پڑے گا۔ 
 کھیلوں کی مزید خبریں پڑھنے کیلئے اردونیوز " واٹس ایپ اسپورٹس" گروپ  جوائن کریں

شیئر: