کراچی: شہر قائد میں ایک مرتبہ پھر ہائی ٹینشن لائن ٹرپ ہونے کے باعث شہری بجلی کی سہولت سے محروم ہو گئے۔ ذرائع کے مطابق کے الیکٹرک کی ہائی ٹینشن لائن ٹرپ کرنے سے کراچی کے بیشتر علاقے ایک بار پھر دن میں تاریک ہوگئے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق کے الیکٹرک کی ہائی ٹینشن لائن ٹرپ کرنے سے کراچی شہر کو بجلی فراہم کرنے والے نارتھ ناظم آباد، نارتھ کراچی، ناظم آباد اور سرجانی کے گرڈ اسٹیشن متاثر ہوئے ہیں جب کہ شہر کا 70 فیصد حصہ بجلی سے محروم ہوگیا ہے ۔گرڈ اسٹیشن بند ہونے سے نارتھ کراچی، ناظم آباد، نارتھ ناظم آباد، سرجانی، نیو کراچی انڈسٹریل ایریا، نصرت بھٹو کالونی اور بفرزون میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی ہے ۔ اس کے علاوہ کورنگی، بورڈ آفس، پہاڑ گنج، یوسف گوٹھ، سندھی ہوٹل، پاورہاؤس چورنگی، ڈیفنس، پی آئی بی کالونی، قائد آباد،گلشن اقبال،گلستان جوہر، کلفٹن، آئی آئی چندریگر روڈ اور صدر سمیت اولڈ سٹی ایریا کے علاقے بھی بجلی سے محروم ہوگئے ہیں۔ترجمان کے الیکٹرک نے اس حوالے سے کہا ہے کہ نیشنل گرڈ کی لائن ٹرپ ہونے سے رابطہ منقطع ہوا اور اچانک سپلائی معطل ہونے سے مقامی سرکٹس میں ٹرپنگ آئی۔ کے الیکٹرک کا کہناہے کہ بجلی کی بحالی کے لیے کام شروع کردیا گیا ہے تاہم اس میں چند گھنٹے لگیں گے ۔