لاہور: ن لیگی رہنما نہال ہاشمی کی جانب سے پاک فوج سے متعلق متنازعہ بیان کے بعد ان کے خلاف مقدمے کے لیے درخواست دائر کی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق شہری تجمل حسین گوندل ایڈووکیٹ نے لاہور کے تھانہ سول لائن میں درخواست دائر کی ہے جس میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ توہین عدالت کیس میں سزا یافتہ ن لیگ کے رہنما نہال ہاشمی نے ملکی فوج کے خلاف بیان دے کر ادارے کی توہین کی ہے، جس سے ہر پاکستانی کی دل آزاری ہوئی۔تجمل حسین گوندل ایڈووکیٹ نے اپنی درخواست میں مزید کہا کہ نہال ہاشمی غیر ملکی ایجنڈے پر کام کررہے ہیں۔ ان کے متنازع بیان سے عالمی سطح پر ملک بدنام ہوا لہٰذا ان کے خلاف مقدمہ درج کرکے قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔ دوسری جانب پیمرا نے بھی نہال ہاشمی کا بیان نشر کرنے والے ٹی وی چینلز کو نوٹس جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ریاستی ادارے کے خلاف نازیبا زبان استعمال کرنے والے شخص کو کوریج کیوں دی گئی؟