یوپی : ضلع گونڈا میں2گروپوں میں تصادم، ڈی ایم سمیت متعدد زخمی
اتوار 21 اکتوبر 2018 3:00
لکھنؤ۔۔۔۔اتر پردیش کے ضلع گونڈا کٹرا بازار علاقے کے براؤگاؤں میں انتظامیہ کی موجودگی میں 2گروپوں میں تصادم ہوگیا۔لوگوں نے ایک دوسرے پر جم کر سنگ باری کی جس کے نتیجے میں ڈی ایم، سی او اور پولیس اہلکاروں سمیت متعدد زخمی ہوگئے۔ حالات قابو سے باہر ہوتے ہوئے دیکھ کر انتظامیہ نے دیگر اضلاع سے پولیس فورس طلب کرکے متاثرہ علاقوں میں تعینات کردی تاہم حالات اب بھی کشیدہ ہیں۔اطلاع کے مطابق کٹرا تھانے کے براؤ گاؤں میں لوگ حضور پورکرنیل گنج کے راستے سے مورتی لے جانا چاہتے تھے جہاں نندورا ور کھندورا قبیلے کے لوگ بڑی تعداد میں آباد ہیں۔انہوں نے مورتی ادھر سے لے جانے سے منع کردیا جس پر تنازعہ پیدا ہوگیا اورہزاروں کی تعداد میں دونوں طبقے کے لوگ آمنے سامنے آگئے۔ تنازع اتنا بڑھا کہ دونوں طبقے ایک دوسرے پرلاٹھی ڈنڈوں سے حملہ آور ہوگئے اور پتھراؤ شروع کردیا۔موقع پر بڑی تعداد میں سیکیورٹی فور س اور انتظامیہ کے اعلیٰ افسران موجودتھے تاہم وہ حالات پر قابو پانے میں ناکام رہے۔پتھراؤ میں ڈی ایم کیپٹن پربھانشوسریواستو ، سی او اور پولیس اہلکار سمیت درجنوں افراد زخمی ہوگئے۔انہیں فوراً اسپتال پہنچایا گیا۔ پولیس نے شرپسندوں کیخلاف رپورٹ درج کرکے گرفتاری کی کارروائی شروع کردی۔
ہندوستان کی تازہ ترین خبروں کے لئے ’’اردونیوز انڈیا‘‘ گروپ جوائن کریں