ریاض۔۔۔سعودی وزیر خارجہ عادل الجبیر نے اطمینان دلایا ہے کہ خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز جمال خاشقجی کی موت کے ذمہ داروں کے احتساب کیلئے پرعزم ہیں۔ خاشقجی کے قتل کے ذمہ داروں کااحتساب کیا جائے گا۔ فوکس نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے الجبیر نے بتایا کہ ولی عہد نائب وزیر اعظم و وزیردفاع شہزادہ محمد بن سلمان کو جما ل خاشقجی کے واقعے کا علم نہیں تھا۔ خاشقجی کا واقعہ غلطی ہے۔ سعودی عرب کے کسی بھی قائد کو اس کا علم نہیں تھا۔ سعودی قیادت خاشقجی کے قتل کے ذمہ داروں کے احتساب کا تہیہ کئے ہوئے ہے۔ الجبیر نے یہ بھی کہا کہ خاشقجی کے استنبول میں سعودی قونصلیٹ سے باہر نکلنے کے متعلق متضاد رپورٹیں منظر عام پر آتے ہی تحقیقات شروع کر دی گئی تھی۔ سعودی عرب ان کی موت سے متعلق دستیاب ہونے والی تمام معلومات منظر عام پر لائے گا۔ سعودی وزیر خارجہ نے خاشقجی کے خاندان سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح ان کی موت ایک غیر معمولی واقعہ ہے اور یہ بڑی سنگین غلطی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سعودی حکام خاشقجی کی لاش کی تلاش کیلئے کوشاں ہیں۔ قونصلیٹ میں رونما ہونے والے واقعے کی مکمل تفصیل کے تعین کی کوشش کر رہے ہیں۔ الجبیر نے کہا کہ سعودی عرب او رامریکہ کے تعلقات خاشقجی بحران کو قابوکرنے میں کامیاب ہو جائیں گے۔