لاہور قلندرز کیلئے دن میں5،5ہزار ٹرائلز لئے، انضمام الحق
جمعرات 25 اکتوبر 2018 3:00
لاہور:پاکستان سپر لیگ کی فرنچائز لاہور قلندرز کے پلیئرز ڈیولپمنٹ اسکواڈ کی تقریب لاہور میں منعقد ہوئی۔تقریب میں چیف ایگزیکٹو ثمین رانا، آسٹریلین ہائی کمشنر مارگریٹ ایڈم سن، چیف سلیکٹر پی سی بی انضمام الحق، سابق فاسٹ بولر شعیب اختر،ڈائریکٹر انٹرنیشنل ذاکرخان اور سی او او پی سی بی سبحان احمد نے شرکت کی۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمدنے کہا کہ ملک میں کرکٹ کے فروغ کی ذمہ داری پی سی بی پر ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ لاہور قلندرز نے ملک کے دور افتادہ علاقوں میں بھی کرکٹ کے فروغ کیلئے کام کیا۔ ٹیلنٹ کی تلاش میں پی سی بی لاہور قلندرز کے ساتھ جدوجہد پر بہت خوش ہے۔پی سی بی کے چیف سلیکٹر انضمام الحق نے کہا کہ ایک دن میں5، 5 ہزار لڑکوں کے ٹرائل لے کر ٹیم سلیکٹ کرکے دی۔ لاہور قلندرز کے پروگرام نے نوجوان کرکٹرز کی امید زندہ کر دی۔انہوں نے مزید کہا کہ لاہور قلندرز کے ذریعے نوجوانوں میں پاکستان سپر لیگ کھیلنے کی امید پیدا ہوتی ہے۔شعیب اختر نے اس موقع پر کہا کہ میں سمجھتا تھا کہ لاہور قلندرز کا پروگرام بھی ماضی کے کسی پروگرام کی طرح ہوگا مگر لاہور قلندرز کےساتھ کام کر کے اندازہ ہوا کہ یہ کتنا زبردست پروگرام ہے۔
کھیلوں کی مزید خبریں پڑھنے کیلئے اردونیوز " واٹس ایپ اسپورٹس" گروپ جوائن کریں