لاہور قلندرز کی مسلسل چھٹی شکست، پی ایس ایل سے باہر
دبئی:پی ایس ایل کے تیسرے ایڈیشن میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے لاہور قلندرز کو 6 وکٹوں سے شکست دےدی۔ لاہور قلندرز کی یہ چھٹی شکست ہے ۔ لاہور قلندرز لگاتار چھٹی شکست کے باعث پی ایس ایل سے باہر ہونے والی پہلی ٹیم کا "اعزاز "حاصل کر لیا ہے جبکہ ابھی اسے 4میچ مزید کھیلنا ہیں۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹاس جیت کر بیٹنگ کی دعوت پر لاہور قلندرز 8 وکٹوں پر 163 رنز بناسکی۔ اسلام آباد یونائیٹڈ نے لیوک رونچی کی جاندار اننگز کی بدولت 18ویں اوور میں ہدف حاصل کر لیا۔ فخر زمان اور انتون ڈیوچ نے لاہور قلندرز کو عمدہ آغاز فراہم کیا ۔ ڈیوچ نے 62 اور فخر زمان نے 34 رنز بنائے، آغا سلمان صرف 8 رنز ہی بناسکے، مڈل آرڈر کے بعد کپتان برینڈن میکولم نے 13 گیندوں پر 34 رنز کی اننگز کھیل کرٹیم کا مجموعی اسکور 163رنز تک پہنچا دیا۔مستفیض الرحمان لاہور قلندرز کا ساتھ چھوڑ کر واپس روانہ ہوگئے۔ فہیم اشرف نے3 جبکہ شاداب خان، محمد سمیع اور ڈومینی نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ اسلام آباد کی جانب سے جے پی ڈومینی اور لیوک رونچی نے اننگز کا آغاز کیا اور 47 رنز کا جارحانہ آغاز فراہم کیا ، ڈومینی 21 رنز بنانے کے بعد سنیل نارائن کا شکار بن گئے۔لیوک رونچی نے 5 چھکوں اور 3 چوکوں کی مدد سے 22 گیندوں نصف سنچری مکمل کی ، یہ پی ایس ایل کی تیز ترین نصف سنچری تھی، رونچی نے 41 گیندوں پر 77 رنز بنا ئے اور مین آف دی میچ رہے۔حیران کن طور پر شاداب خان تیسرے نمبر پر بیٹنگ کےلئے آئے، امیدپر پورا اترتے ہوئے 32 رنز کی اننگز کھیلی، مصباح الحق 22 اور صاحبزادہ فرحان 6 رنز کے ساتھ ناٹ آوٹ رہے۔لاہور قلندرز کے سنیل نرائن نے3 اور عمران خان جونیئر نے ایک وکٹ حاصل کی۔