Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سپریم کورٹ کا کراچی سے تجاوزات کے خاتمے کا حکم

کراچی:  سپریم کورٹ نے شہر قائد سے تجاوزات کے خاتمے کے لیے مشترکہ ٹیم بنانے کا حکم دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق عدالت عظمیٰ کراچی رجسٹری میں چیف جسٹس کی زیر سربراہی جسٹس مشیر عالم اور جسٹس منیب اختر پر مشتمل 3 رکنی بینچ نے پارکوں اور سرکاری اراضی پر قبضے کے معاملے کی سماعت کی۔
دوران سماعت چیف جسٹس نے میئر کراچی سے استفسار کیا کہ آپ نے شہر میں اتنا ہنگامہ کیوں کرایا؟ آپ کے لیڈر بھی آ گئے، مجھے بتایا ہوتا تو مسئلہ آسانی سے حل ہو جاتا۔ کیا آپ پھر لسانی فسادات کرانا چاہتے ہیں؟ یہاں کوئی پنجابی، مہاجر نہیں بلکہ سب پاکستانی ہیں۔ چیف جسٹس نے کہا کہ کوئی شخص غیر قانونی طور پر مقیم ہوگا تو کیا اسے چھوڑ دیں؟ اس طرح تو پارکوں پر قبضہ کرکے مکان تعمیر کردیے جائیں گے۔
میئر کراچی وسیم اختر نے عدالت کو بتایا کہ ہم کارروائی کررہے ہیں ۔ ہم نے پارکوں سے تجاوزات ختم کردیے۔ غیرقانونی شادی ہالز بھی گرا دیے گئے ہیں۔
دوران سماعت جسٹس مشیر عالم نے ریمارکس دیے کہ صدر کا علاقہ آپ نے ٹرانسپورٹ مافیا کودے دیا ہے ، پورے علاقے کا برا حال ہے ، جہانگیر پارک کے دونوں اطراف آج بھی تجاوزات ہیں، جس پر وسیم اختر نے کہا کہ وہ کنٹونمنٹ کا علاقہ ہے میں کارروائی نہیں کرسکتا۔
چیف جسٹس نے وسیم اخترکومخاطب کرتے ہوئے استفسار کیا کہ بتائیں میئر صاحب کیا آپ کارروائی کریں گے ؟ ہم تجاوزات کے خاتمے کے لیے دیگر اداروں پرمشتمل جوائنٹ ٹیم بنا دیتے ہیں۔ پہلے ماڈل علاقے کے طورپرصدر کو مکمل صاف کرایا جائے ۔ سپریم کورٹ نے شہرقائد میں تجاوزات کے خاتمے کے لیے مشترکہ ٹیم بنانے کا حکم دیتے ہوئے میئر کراچی، کنٹونمنٹ، کے ڈی اے اورمتعلقہ محکموں کے سربراہان کوآئندہ ہفتے طلب کرلیا۔ عدالت نے آئی جی سندھ اور ڈی جی رینجرزکو بھی نوٹس جاری کردیے۔
 
مزید پڑھیں: - - - -کس نئی فہرست میں عمران خان کا نام شامل ہوا؟

شیئر: