رام اللہ ۔۔۔عمانی وزیر امور خارجہ یوسف بن علوی نے واضح کیا ہے کہ ان کے ملک نے فلسطین اور اسرائیل کو ایک دوسرے سے قریب لانے کیلئے معاون افکار پیش کئے ہیں البتہ اس کی حیثیت فریقین کے درمیان ثالث کی نہیں ۔ انہوں نے ’’ المنامہ مکالمہ‘‘ فورم سے خطاب کرتے ہوئے واضح کیا کہ ان کا ملک امریکہ اور اس کے صدر ٹرمپ کی کاوشوں پر انحصار کئے ہوئے ہے ۔ امریکی صدر ’’صدی کے سودے‘‘ کے نفاذ کیلئے کوشاں ہیں ۔ بن علوی نے کہا کہ اسرائیل خطے میں موجود ہے ۔ غالباً اب وہ وقت آچکا ہے کہ اس کے ساتھ دیگر ممالک جیسا برتائو کیا جائے اور اسرائیل اُن امور کی پابندی کرے جن کی پابندی دیگر ممالک کر رہے ہیں ۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہماری ترجیح عرب اسرائیل کشمکش کا خاتمہ اور نئی دنیا برپا کرنا ہے ۔