قومی اسمبلی اجلاس،اپوزیشن کی حکمت عملی کیا ہوگی؟
اتوار 28 اکتوبر 2018 3:00
اسلام آباد...قومی اسمبلی کا اجلاس پیر کی شام چار بجے پارلیمنٹ ہاوس اسلام آباد میں ہو گا ۔ اپوزیشن کی جانب سے تحاریک ، نکتہ اعتراض اور کال اٹینشن نوٹسز پر حکومت کو ایوان میں ٹف ٹائم دینے کی حکمت عملی پر مشاورت ہو رہی ہے ۔ اپوزیشن کے ذرائع کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کے غیر ملکی دوروں کے موقع پر ہونے والے معاہدوں کے حوالے سے تفصیلات طلب کی جائیں گی۔ بالخصوص دوست ممالک جن شرائط اور اقدامات کے لئے پاکستان کو پابند کر کے مالی معاونت کر رہے ہیں۔ ایوان کو اس بارے میں اعتماد میں لینے کے حوالے سے بھی مطالبات کئے جائیں گے ۔ د قائد حزب اختلاف محمد شہباز شریف بھی پروڈکشن آرڈر پر اجلاس میں شرکت کریں گے ۔اجلاس میں سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی سمیت 12 نومنتخب اراکین اسمبلی اپنی رکنیت کا حلف لیں گے ۔ ا سپیکر کی صدارت میں پارلیمانی جماعتوں کے نمائندوں پر مشتمل ہاوس بزنس ایڈوائزری کمیٹی کا اجلاس ہو گا ۔