الخبر میں ریڈ پاکستان بک کلب کے تحت کتب بینی کے حوالے سے معلوماتی تقریب
اتوار 28 اکتوبر 2018 3:00
کتابوں سے دوستی رکھنے والا انسان کبھی تنہا نہیں ہوسکتا،والدین اپنی اولاد میں کتب بینی کا شوق پیدا کریں ، کتاب انسانی دماغ کے دریچوں کو کھولتی ہے، شرکاء کا اظہار خیال
ثناء بشیر۔ الاحساء
کتاب کی اہمیت کو اجاگر کرنے کیلئے منطقہ شرقیہ کے اہم شہر الخبر میں "ریڈ پاکستان بک کلب " سعودی عرب چیپٹر کی جانب سے ر معلوماتی تقریب پاکستانی اسکول کے تعاون سے منعقد ہوئی ۔ اس موقع پر مطا لعہ کی اہمیت اور اس سے حاصل ہونے والے علم کے بارے میں مقررین نے سیر حاصل گفتگو کی۔اپنی نوعیت کی اس منفرد تقریب کو بیک وقت پاکستان کی 40 جامعات میں یکساں منشور کے ساتھ ریڈ پاکستان کے چیئرمین فرخ ڈال کی زیرِنگرانی منعقد کیا گیا ۔الخْبر میں اس تقریب کا انعقادسعودی عرب میں قائم ریڈ پاکستان بک کلب کے صدر امتیاز تاج جنڈا کی صدارت میں ہوا ۔ معاونت کے فرائض انفارمیشن سیکریٹری جویریہ اسد،معاون سیکریٹری زنیرہ ذلون موجود تھیں ۔مہمان خصوصی آئی ای پی کے چیئرمین رضوان احمد نے کہا کتاب ایک قوم تہذیب و ثقافت اور معاشی، سائنسی، اور عملی ترقی کی آئینہ دار ہونے کے ساتھ ساتھ انسان کی بہترین دوست بھی ہوتی ہے ۔ کتابوں سے دوستی رکھنے والا انسان کبھی تنہا نہیں ہوسکتا۔ آج کل کے جدید دور میں جہاں انٹرنیٹ اور موبائل نے انسان کو اپنی گرفت میں جکڑا ہوا ہے اور انسان جدت کی نئی راہوں کو تلاش کر رہا ہے۔ ان سب چیزوں کے باوجود کتاب کی اہمیت اپنی جگہ برقرار ہے ۔ریڈ پاکستان بک کلب سعودی عرب چیپٹر کی انفارمیشن سیکریٹری جویریہ اسد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کل کے دور میں والدین پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ اپنے بچوں کو کتاب دوستی کی جانب مائل کریں ۔ریڈ پاکستان بک کلب کے صدر امتیاز تاج جنڈا نے ریڈ پاکستان بک کلب کے بارے میں بتایا کہ ہم اس کوشش میں ہیں کہ لوگوں کو کتاب کی جانب واپس لایا جائے کیونکہ کتاب انسانی دماغ کے دریچوں کو کھولتی ہے ۔معاشرتی ترقی کا انحصار اس بات پر بھی ہے کہ عوام مروجہ علوم اور زمانے کے تقاضوں سے ہم آہنگ ہوں۔ ہمارا مقصد بھی یہی ہے کہ مختلف علوم پر مبنی کتابوں اور ادب لٹریچر کو فیملیز کے میں روشناس کروایا جائے ۔ پاکستان انٹرنیشنل ا سکول الخبر کے استاد زاہد اکرام ،بچوں میں طٰہٰ جاوید ،ہنزلہ طارق اورفیض علی حسن نے ایک نجی اسکول کی جانب سے شرکت کی اور اپنی پسندیدہ کتب سے متعارف کرایا ۔بعد اذاں طٰہٰ جاوید،سعید نور امام ،راحیل افتخارکو سفیر مقرر کیا گیا۔ پاکستانی اور نجی اسکول کی جانب سے فیض علی حسن کو بچوں کاسفیر مقرر کیا گیا اور ان نامزداگان کو مطالعہ کی فروغ اور مختلف فورمز میں ترویج کی ذمہ داری دی گئی۔تقریب کی میزبانی کے فرائض آر جے فواد نے نہایت خوش اسلوبی سے ادا کیے جن کو ابہاشہر سے خاص طور پر دعوت دی گئی تھی۔ تقریب میں شامل دیگر منتظمین نمیرہ محسن، مہناز شاکر، اسد علی حسن اورشاکر حسین نے اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے ادا کیں۔ تقریب کے آخر میں سوال جواب کا ایک مرحلہ بھی منعقد کیا گیا ۔