پاکستان سٹیزن پورٹل آخر ہے کیا؟
کراچی: وزیرا عظم عمران خان کی جانب سے عوامی شکایات اور تجاویز براہ راست سننے کے لیے گزشتہ روز ’پاکستان سٹیزن پورٹل‘ کا باقاعدہ افتتاح کیا ہے۔ اس شعبے کا دفتر وزیرا عظم آفس ہی میں بنایا گیا ہے جس کے ذریعے عوام اپنی شکایات اور تجاویز (مشورے) براہ راست وزیرا عظم آفس کو بھیج سکتے ہیں۔ حکومتی ذرائع کے کہنا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان براہ راست عوامی شکایات سن سکیں گے اور ان پر کارروائی کے احکامات بھی جاری کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم آفس سے متعلقہ محکموں کو کارروائی کے لیے عوامی شکایات ارسال کی جائیں گی اور قابل عمل تجاویز پر غور کیا جائے گا۔ پاکستان سٹیزن پورٹل کے لیے جدید انفارمیشن ٹیکنالوجی کو استعمال کیا جا رہا ہے ۔ لوگ موبائل ایپ کے ذریعے حکومتی اداروں تک اپنی آواز پہنچا سکیں گے ۔
ایپ کو استعمال کرنے کے لیے صارفین کو سب سے پہلے اپنے موبائل فون میں یہ موبائل ایپلی کیشن انسٹال کرنی ہوگی۔ دیگر تمام ایپس کی طرح لاگ ان کرنے کے لیے پہلی بار (صرف ایک بار) خود کو رجسٹر کروانا ہوگا جس کے لیے بنیادی معلومات درکار ہوں گی۔ نام، جنس، فون نمبر، شناختی کارڈ نمبر، شہر، پتے سمیت دیگر معلومات کے اندراج کے بعد رجسٹریشن مکمل ہوگی اور بعد ازاں لاگ ان ہوکر صارف اس ایپ کو استعمال کر سکیں گے۔