ہم سب قابل احتساب ہیں‘ وزیر اعظم
اسلام آباد: وزیر اعظم نے سعودی عرب کی جانب سے ملنے والے اقتصادی پیکیج کے حوالے سے وضاحت دی ہے کہ ریاض حکومت نے پاکستان کو غیر مشروط پیکیج دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق گزشتہ روز پاکستان سٹیزن پورٹل کے افتتاح کے موقع پر ہونے والی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیرا اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستانی نوجوانوں کے بنائے ہوئے نظام سے ہمیں سزا اور جزا میں آسانی ہوگی۔
وزیرا اعظم نے کہا کہ ہم پہلی بار قابل احتساب ہو گئے ہیں۔ اب ہر پاکستانی وزیر اعظم شکایت سیل پر آ سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب مقررہ وقت کے دوران شکایتوں کا جواب دینا ہوگا اور ہم عوامی آرا کو دیکھتے ہوئے اپنی پالیسی بنائیں گے۔
عمران خان نے مزید کہا کہ پاکستان کے پاس جو وسائل ہیں وہ کسی اور کے پاس نہیں، رکاوٹ صرف کرپشن ہے۔ خطے میں پاکستان کے پیچھے رہ جانے کی وجہ گورننس سسٹم کی ناکامی ہے۔ قرضوں کے پہاڑ سے نکلنے کا طریقہ پاکستان میں سرمایہ کاری لانا ہے۔ اس سسٹم سے سرمایہ کار بتاسکیں گے کہ انہیں کیا رکاوٹیں آرہی ہیں۔ انہوں نے اپنے خطاب کے دوران واضح کیا کہ پاکستان کو سعودی عرب سے بغیر شرائط کے پیکیج ملا ہے ۔