29اکتوبر2018پیر کو سعودی عرب سے شائع ہونیوالے عربی اخبار عکاظ کا اداریہ نذر قارئین
ایسے عالم میں جبکہ نفرت پھیلانے والے عناصر سعودی عرب ،اس کی قدروقیمت ، اسکی اقدار اور روشن فیصلوں کی بابت شکوک و شبہات کا طوفان برپا کرنے کی کوششیں کررہے ہیں،سعودی عرب اور اس کے قائدین نفرت کے علمبرداروں اور تاریکی پھیلانے والوں پر توجہ دیئے بغیر صنعت ، معیشت، فکرونظر اور تعلیم و ترقی کے فروغ کیلئے جملہ توانائیاںوقف کئے ہوئے ہیں۔
جو لوگ مختلف فریقوں کی جانب سے سعودی عرب کیخلاف گھناؤنی نفرت انگیز مہم پر نظر رکھے ہوئے ہیں وہ دیکھ رہے ہیں کہ مختلف رجحانات رکھنے والے سعودی مخالف عناصر مملکت کی دشمنی پر متفق ہیں۔ انہیں مملکت کے منظر نامے پر طائرانہ نظر ڈالنے پر یہ منظر دیکھ کر دکھ ہوگا کہ یہاں ناممکن کو ممکن بنایا جارہا ہے۔
یہ لوگ اگر سعودی عرب کیخلاف نفرت اور کینہ پھیلانے میں دن رات ایک کئے ہوئے ہیں تو سعودی عرب اپنے قائد اعلیٰ خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولیعہد شہزادہ محمد بن سلمان کی زیر قیادت سعودی عرب کو اپنے حال و مستقبل کے لئے عمل پیہم میں لگا ہوا ہے۔ سعودی عرب کی دن رات ایک ہی کوشش ہے کہ جملہ وسائل بروئے کار لاکر تعمیر و ترقی کے کارواں کو آگے بڑھایا جائے اور فرزندان وطن کیلئے پروقار زندگی اور خوشحالی کو یقینی بنایا جائے۔ مملکت ہی نہیں بلکہ دنیا کے ہر علاقے کے متاثرین اور مصیبت زدہ بھائیوں کی مدد بڑھ چڑھ کر کی جاتی رہے۔
سعودی عرب کی یہی پالیسی ہے ۔ حالات و واقعات نے ثابت کردیا ہے کہ سعودی عرب امن ، انصاف اور بنی نوع انساں کی صلاح و فلاح کیلئے توجانبدار ہے، اس کے سوا کسی بھی فریق اور کسی بھی نظریے کی جانبداری کا کوئی نام و نشان نظر نہیں آتا۔ ہر آنے والے دن سعودی عرب کی یہ پہچان زیادہ مضبوط اور زیادہ تواناشکل میں راسخ ہورہی ہے۔