آسٹریلیا کی ویمنز ٹیم نے پاکستانی ٹیم کو کلین سویپ کردیا
کوالالمپور : آسٹریلیا کی ویمنز کرکٹ ٹیم نے پاکستانی ویمنز ٹیم کو تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں9وکٹوں سے ہراتے ہوئے سیریز میں0-3سے کلین سویپ کر دیا۔متحدہ عرب امارات میں کھیلی جانیوالی مینز ٹی ٹوئنٹی سیریز میں پاکستان کے ہاتھوں ٹی ٹوئنٹی سیریز میں آسٹریلیا کی کلین سویپ شکست کے بدلہ بھی لے لیا۔ملائیشیا میں ہونے والی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے تیسری اور آخری میچ میں بھی پاکستانی ویمنز ٹیم کی بیٹنگ لائن ناکام رہی اور آسٹریلیا کو مقررہ اوورز میں 8 وکٹوںکے نقصان پر 98 رنز کا ہدف ہی دے سکی۔ کپتان بسمہ معروف نے 44 گیندوں پر 34 رنز کی اننگز کھیلی، عالیہ ریاض نے 17 جبکہ ندا ڈار سے 7 رنز بنائے۔ صرف2بیٹرز کو ڈبل فگرز میں پہنچنے کا موقع ملا جبکہ بوکھلائی ہوئی پاکستانی ٹیم کی 4کھلاڑی رن آوٹ بھی ہوئیں۔ آسٹریلیا کی طرف سے میگن شٹ نے 2وکٹیں لیں جبکہ ایلیسی پیری اور ڈیلیسا کمنس نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔آسٹریلیا نے ہدف صرف ایک وکٹ کے نقصان پر 11ویں اوورمیں ہی حاصل کرلیا ۔ ایلیسا ہیلی نے کھل کر بیٹنگ کی اور صرف 41 گیندوں پر 67 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ بیتھ مونی نے 21 اور ایشلے گاڈرنر نے 4 رنز بنائے۔ پاکستان کی طرف سے واحد وکٹ نتالیہ پرویز نے حاصل کی۔ ایلیسا ہیلی کو اس میچ کے ساتھ سیریز کی بھی بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا۔
کھیلوں کی مزید خبریں پڑھنے کیلئے اردونیوز " واٹس ایپ اسپورٹس" گروپ جوائن کریں