نیوزی لینڈ میں زلزلہ،ہیری اور میگھن محفوظ رہے
ویلنگٹن... نیوزی لینڈ کا شمالی جزیرہ 6.1 شدت کے زلزلے سے لرز اٹھا۔ زلزلے کے جھٹکے ویلنگٹن میں پارلیمنٹ کے اجلاس کے دوران بھی محسوس کئے گئے۔امریکی جیولوجیکل سروے (یو ایس جی ایس) کے مطابق زلزلے کا مرکز تاومارونوئی شہر سے 25 کلومیٹر جنوب مغرب میں تھا، جس کی گہرائی 227 کلومیٹر تھی۔واضح رہے کہ ابتدا میں زلزلے کی شدت 6.2 بتائی گئی تھی بعد میں اسے 6.1 قرار دیا گیا۔زلزلے کے باعث ویلنگٹن میں پارلیمنٹ کی کارروائی معطل کرنی پڑ گئی۔حکام کے مطابق زلزلے میں کوئی بڑا نقصان نہیں ہوا اور نہ سونامی کا خطرہ ہے۔ واضح رہے کہ برطانوی شاہی جوڑا شہزادہ ہیری اور میگھن مارکل بھی اِن دنوں نیوزی لینڈ کے شہر آکلینڈ میں موجود ہیں۔جس وقت زلزلہ آیا شہزادہ ہیری اور شہزادی میگھن ایک ایونٹ میں موجود تھے اور وہ دونوں بالکل محفوظ ہیں۔